اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ آئینی ترمیم پر پیپلز پارٹی، جمعیت علمائے اسلام (ف) اور ن لیگ میں اتفاق ہوگیا ہے۔
پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہاکہ ہم آئینی ترامیم کی جانب بڑھ رہے ہیں ہم اپنی سیاسی طاقت کے ذریعے ترامیم منظور کراسکتے ہیں اور اسے منظور کراکے دکھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئین سازی اپنی سیاسی طاقت پرکرکے دکھائیں گے، آئینی ترمیم پر اتفاق رائے ہوچکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جلد مولانا فضل الرحمن سے دوبارہ ملاقات کروں گا، ان کے جائز مطالبات کل وزیراعظم کے سامنے رکھے ہیں امید کرتا ہوں وزیراعظم نے جو یقین دہانیاں کرائی ہیں وہ اس پر عمل کریں گے ایسا ہوا تو ہم جلد ترامیم منظور کرانے کی پوزیشن میں آجائیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ سیاسی اتفاق رائے سے 26 ویں آئینی ترمیم منظور کرکے میثاق جمہوریت میں عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کریں۔