عارف علوی کا کلینک سیل کرنے کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

 

سندھ(اُمت نیوز)سندھ ہائی کورٹ نے سابق صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا ڈینٹل کلینک سیل کرنے کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

عدالتِ عالیہ نے سابق صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا ڈینٹل کلینک سیل کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل انور منصور اور ایس بی سی اے کے وکیل کے دلائل مکمل ہو گئے۔

دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے کلینک ڈی سیل کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے سابق صدرِ پاکستان عارف علوی کا کراچی میں ڈینٹل کلینک سیل کر دیا تھا۔

ایس بی سی اے نے سندھی مسلم کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے بلاک بی کے مکان نمبر 23 بی میں کارروائی کرتے ہوئےڈینٹل رہائشی بنگلے میں قائم کلینک کو سیل کیا تھا۔

ایس بی سی اے کے ہمراہ پولیس کی بھاری نفری نے اس کارروائی میں حصہ لیا۔

اس حوالے سے ایس بی سی اے کے ترجمان نے کہا تھا کہ کلینک رہائشی مکان میں ہونے پر سیل کیا گیا ہے، یہ ایک معمول کی کارروائی تھی، ایسی کارروائیاں پورے شہر میں کی جا رہی ہیں۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی اس کارروائی پر سابق صدر عارف علوی کی اہلیہ ثمینہ علوی اور بیٹے اواب علوی نے سندھ ہائی کورٹ میں استدعا دائر کی تھی۔