انقرہ (اُمت نیوز)ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں فضائی اور دفاعی کمپنی کے ہیڈ کوارٹر میں دہشت گرد حملے اور فائرنگ سے 4 شہری جاں بحق ہوگئے جبکہ چودہ زخمی ہوئے۔
ترک میڈیا کے مطابق یہ دہشتگرد حملہ خاتون سمیت 3 مسلح افراد نے کیا، حملہ آوروں نے صنعتی یونٹ کے متعدد ملازمین کو یرغمال بنایا۔ ترک سیکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کو ہلاک کردیا۔
برکس کے دورے پر موجود ترک صدر نے بھی دہشت گرد حملے میں شہریوں کی شہادت اور 14 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔
دوسری جانب ترکیہ کے وزیر داخلہ نے کہا کہ ٹرکش ایرواسپیس انڈسٹریز (اے ٹی آئی) کے احاطے میں دہشتگرد حملہ ہوا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق دو مسلح حملہ آوروں نے دفاعی صنعتی یونٹ پر دھماکا خیز مواد پھینکا اور فائرنگ کی۔ حملہ آوروں میں ایک خاتون بھی شامل تھی۔
سربراہ نیٹو مارک روٹ نے انقرہ میں دہشت گرد حملوں کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اپنے اتحادی ترکیہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق نیٹو سربراہ کا کہنا ہے کہ ترکیہ میں ہلاکتوں اور زخمیوں کی اطلاعات تشویشناک ہیں۔
روسی صدر ویلادیمیر پیوتن نے ترکیہ میں دہشت گرد حملے کی مزمت کی۔