پشاور(اُمت نیوز)پشاور کے علاقے حیات آباد میں انڈسٹریل اسٹیٹ کارخانے میں آگ تاحال مکمل بجھائی نہیں جا سکی، بیسمنٹ میں موجود خام مال میں دوبارہ آگ بھڑک اٹھی۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بیسمنٹ میں خام مال بڑی مقدار میں موجود ہے جس میں آگ لگی ہے، ایک جگہ آگ ختم کی جائے تو دوسری جگہ بھڑک اٹھتی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی 5 گاڑیاں اب بھی آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہیں اور اہلکار مسلسل کولنگ کے عمل میں مصروف ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کولنگ کا عمل مکمل ہونے تک آگ بھڑکنے کے امکانات 100 فیصد ہوتے ہیں۔
ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کولنگ کے عمل کے دوران ہوا چلنے سے چنگاری دوبارہ بھڑکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ریسکیو حکام کی جانب سے کہا گیا تھا کہ حیات آباد کے کارخانے میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا، کولنگ کا عمل جاری ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ مختلف اضلاع کی فائر بریگیڈ کی 25 گاڑیاں اور 100 سے زائد ریسکیو اہل کار ریسکیو عمل میں شریک ہوئے۔