کراچی (اُمت نیوز)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سرجانی ٹاؤن کے زیر اہتمام وژن آف فیوچر کے نام سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم شہری علاقوں کا مْکمل مینڈیٹ رکھنے والی جماعت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کامیاب یوتھ کنونشن کے انعقاد سے کراچی اور حیدرآباد کے نوجوانوں نے بتا دیا کہ وہ سب اْس تنظیم کے ساتھ کھڑے ہیں جس نے پاکستان کو ایسا طرزِ سیاست دیا ہے جس نے ایوانوں کو ہلا دیا ہے انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ختم نہیں ہوئی ہے بلکہ دشمنوں میں مایوسی پھیل گئی ہے ایم کیو ایم نے کوٹہ سسٹم کے خاتمے کا حل نکال کر قوم کو دے دیا ہے نوجوانوں تیار رہو عنقریب کراچی حیدر آباد میرپور خاص میں دْنیا کی مایہ ناز جامعات کے کیمپس کھلنے جارہے ہیں۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ ماؤں سے گزارش ہے کہ بیٹیوں کو صِرف چمٹا ہی نہیں نشتر پکڑنا بھی سکھائیں گھر چلانا ہی نہیں مْلک چلانا بھی سکھائیں یہی ہمارے دین کا بھی تقاضہ ہے انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خود کو قابل بنائیں اِس مْلک کے ایوان آپ کے مْنتظر ہیں یہ مْلک شہر اور یہ تنظیم آپ کی ہے وطن بنانے والے ہمارے اجداد تھے بچانے والے ہم ہیں چلانے والے آپ نوجوان ہوں گے۔
سینئر مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا یوتھ کنونشن صرف ٹریلر ہے بہت جلد سرجانی ٹاؤن میں نوجوانوں کا جلسہ منعقد کیا جائے گا ایم کیو ایم نوجوانوں کو اس شہر کی قیادت دینے جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کے کامیاب اور فقید المثال جلسوں نے ثابت کردیا کہ نوجوان ایم کیو ایم کے ساتھ کھڑے ہیں اور وہ وقت بھی آگیا ہے کہ نوجوان نسل کو بلدیاتی کونسلز صوبائی اور قومی اسمبلیوں میں بھیجا جائے نوجوانوں کو نئے عہد سے جوڑ کر کراچی کو اِس قابل بنانا ہے کہ یہ شہر پْورے پاکستان کو لیڈ کرے۔
ہم شہری سندھ کے نوجوانوں کو تعلیمی اور معاشی طور پر خود مختار بنانا چاہتے ہیں تاکہ وہ دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی کرسکیں اور ساتھ ہی چیئرمین ایم کیو ایم سے بھی سفارش کرونگا کہ کراچی کا اگلا میئر اس شہر کی بیٹی ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ دؤر حاضر میں وقت کو بربادی سے بچا کر اسے اپنے لئے سود مند بنانا ہے ہمیں قدرتی وسائل اور توانائی کی بچت کو فروغ دے کر توانائی کی گھمبیر صورتِ حال سے نبردآزما ہونا ہے غیر نصابی سرگرمیوں کی آگاہی بھی معاشرے کیلئے ناگزیر ہوچکی ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے پیپلز پارٹی کی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات کو بھلا کر شہر کی ترقی و تعمیر کیلئے ہمیں ساتھ بیٹھنا ہوگا مل کر عوامی مسائل کے حل کیلئے کوشش کرتے ہیں تم سیوریج کے نظام کو بہتر بناؤ ہم سڑک کی تعمیر کرینگے، انہوں سرجانی میں قابضہ مافیا کو بھی متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہوش کے ناخن لو اگر شہری اداروں نے اگر قبضہ مافیا کو لگام نہیں ڈالی تو یہ ہْنر ہمیں آتا ہے۔
حق پرست ایم پی اے شیخ عبداللہ نے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر سندھ کے نوجوانوں کو روزگار سے محروم کیا جارہا ہے اس محرومی کے خاتمے کیلئے ایم کیو ایم تسلسل سے کوشش کررہی ہے ایم کیو ایم عوام کو آی ٹی کی تعلیم دے کر خود مختار اور خود کفیل بنانے کیلئے کام کر رہی ہے تاکہ نوجوانوں احساس محرومی سے نکل کر اپنے پیروں پر کھڑے ہوسکیں۔ اس موقع پر سینئر مرکزی رہنما انیس احمد قائم خانی سمیت دیگر مرکزی رہنما ، انچارج سی او سی فرقان اطیب و اراکین سی او سی، رکن صوبائی اسمبلی ریحان اکرم اور سرجانی ٹاؤن کے نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔