اسلام آباد: پاکستان میں تعینات افغان ناظم الامور مولوی سردار احمد شکیب نے کہا ہے کہ کچھ عناصر پاکستان میں دراندازی کرتے ہیں، لیکن یہ ہماری پالیسی نہیں۔
اسلام آباد میں انسٹیٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کے زیر اہتمام ’پاکستان، افغانستان اور وسطی ایشیاء میں اقتصادی تعلقات کا استحکام‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں تعینات افغان ناظم الامور مولوی سردار احمد شکیب نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان رابطے کے چینلز موجود ہیں تاہم اس وقت کوئی اعلی سطح پر بات چیت جاری نہیں۔
افغان ناظم الامور نے کہا کہ پاکستان کو شاید کچھ شکایات ہیں مگر ہمیں علم نہیں کہ امن و امان کے حوالے سے پاکستان کو کیسے رضامند کریں۔
انہوں نے پاکستان کیخلاف افغان سرزمین کے استعمال کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ بالکل بھی سچ نہیں ہے یہ الزامات غلط ہیں، افغانستان اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیتا، تاہم کچھ عناصر دراندازی کرتے ہیں، لیکن یہ ہماری پالیسی نہیں ہے، سرحدی دراندازی کوئی نئی چیز نہیں، اگر ہم اس پر قابو پانا چاہیں تب بھی یہ ناممکن ہوگا۔
سردار احمد شکیب کا کہنا تھا کہ ’کوئی افغان یہاں آ کر دہشت گردی نہیں کرتا، ہم کسی افغان کو کسی ہمسایہ ملک میں جہاد کی اجازت نہیں دیتے، اس حوالے سے باقاعدہ فتوے بھی جاری ہو چکے ہیں۔