فاتح راولاکوٹ کیپٹن حسین خان شہید کا آج 77 واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے۔ کیپٹن حسین شہید کو کشمیر کی تحریک آزادی میں مثالی خدمات کی بنا پر حلال کشمیر کے اعزاز سے نوازا گیا۔
کیپٹن حسین خان شہید ضلع راولاکوٹ کے علاقے حسین کوٹ میں پیدا ہوئے، انہوں نے 1936 میں جنگ عظیم دوئم میں برما کے محاذ پر حصہ لیا، 1947 کی جنگ آزادی کے دوران گھر گھر جا کر اور ریٹائرڈ کشمیری سپاہیوں کی جنگ آزادی کے لیے خدمات حاصل کیں۔
کیپٹن حسین خان شہید نے 26 اگست 1947 کو باغ میں ڈوگرہ فوج کے ہاتھوں قتل عام کے بعد تحریک آزادی کا اعلان کیا، 28 اور 29 اگست کو راولاکوٹ اور ہجیرہ میں ڈوگرہ فوج کو حملوں سے بڑا نقصان پہنچایا۔
7 نومبر کو کیپٹن حسین نے کشمیری مجاہدین کے ہمراہ راولاکوٹ میں ڈوگرہ فوج کا محاصرہ کیا، 9 نومبر کی رات ڈوگرہ فوج راولاکوٹ سے پونچھ فرار ہو گئی، کیپٹن حسین شہید کی انہی گراں قدر خدمات کی بدولت کشمیری ان کو فاتح راولاکوٹ کے نام سے جانتے ہیں۔
راولاکوٹ کی بازیابی کے لیے ڈوگرہ فوج نے 2 ہزار سپاہیوں پر مشتمل 3 بٹالینز کو مشن سونپا، 10 اور 11 نومبر کو ڈوگرہ فوج کو شدید جھڑپوں کے نتیجے میں شدید جانی نقصان اٹھانا پڑا، 11 نومبر کو کیپٹن حسین خان شہید تنگی گلا میں ڈوگرہ فوج کے ساتھ جھڑپ کے نتیجے میں شہید ہو گئے۔
کیپٹن حسین شہید کو کشمیر کی تحریک آزادی میں مثالی خدمات کی بنا پر حلال کشمیر کے اعزاز سے نوازا گیا۔