ندیم بلوچ:
شمالی غزہ صہیونی فوج کیلیے پھندا ثابت ہو رہا ہے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق 46 روز سے جاری محاصرے میں صہیونی فوج کے 130 اہلکار ہلاک و زخمی ہوچکے ہیں۔ جبکہ مجاہدین نے اس محاذ میں حیران کن طور پر کم عرصے میں ستر سے زائد جدید مرکاوا ٹینک اور دیگر بکتر بند گاڑیوں کو تباہ کردیا ہے۔ ان تباہ شدہ مرکاوا ٹینکوں کی سوشل میڈیا میں تصاویر بھی وائرل ہوگئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق غزہ میں اب بھی 30 ہزار سے زائد صہیونی فوجی تعینات ہیں۔ جبکہ شمالی غزہ میں صہیونی فوجی دستوں کی تعداد پندرہ ہزار سے زائد ہے۔
ادھرعبرانی میڈیا رپورٹس میں انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل کو مزید چالیس ہزار نئی بھرتیوں کے ہدف میں ناکامی کے بعد اپنی موجودہ لازمی اور ریزرو نفرری میں مسلسل کمی کا بھی سامنا ہے۔ جبکہ مستقل سروس چھوڑنے کے رحجان میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے اور ساتھ یہ بھی خطرہ ظاہر کیا گیا کہ اگر صورتحال پر قابو نہیں پایا گیا تو اسرائیل 2025ء کے آخر تک ایک لاکھ فوجیوں کی خدمات سے محروم ہوجائے گا۔
اسرائیلی جنگی مبصرین کا کہنا ہے کہ صرف ایک برس کے دوران 45 ہزار سے زائد فوجی ہلاک و زخمی چکے ہیں۔ ان سے 65 فیصد زندگی بھر کیلئے اپاہج، پندرہ فیصد ہلاک، آٹھ فیصد نقسیاتی مریض اور 12 فیصد بھگوڑے ہوچکے ہیں۔ اس خلا کو پر کرنے کیلئے 30 ہزار الٹرا آرتھوڈوکس یہودیوں (حریڈیم) کو بھرتی کرنے کا قانون بھی پاس کیا گیا۔ لیکن سابق وزیر دفاع یوو گیلانٹ کی برطرفی کے بعد یہ معاملہ کھٹائی میں پڑچکا ہے۔ اس جنگ میں سب سے زیادہ نقصان اسرائیل کے ایلیٹ گولانی بریگیڈ کو ہوا ہے جس کے غزہ اور لبنان میں پانچ سو سے زائد اہلکار ہلاک و زخمی ہوچکے ہیں۔ جبکہ اس جنگ میں ساڑھے تین سو سے زائد ایلیٹ افسران بھی ہلاک ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب غزہ جنگ کے407 ویں دن بھی اسرائیلی اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری رہا۔ قابض فوج نے جبالیہ، بیت لائیہ، خان یونس، دیر البلاع، غزہ شہر، رفح اور النصیرت میں بمباری کرتے ہوئے مزید 21 فلسطینی شہید کردیئے۔ جبکہ 59 افراد زخمی ہوئے۔ شمالی غزہ میں گزشتہ دو ماہ سے بھوک اور پیاس کے شکار فلسطینیوں پر بھی شدید بمباری کی جارہی ہے۔ وزارت صحت کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر 2023ء سے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 43,469 شہید اور 102,561 زخمی ہوچکے ہیں۔ غزہ کے شمال میں بیت لاہیہ میں واقع مسجد مصعب بن عمیر کے اطراف میں بمباری کے نتیجے میں آٹھ فلسطینی شہری شہید ہوئے۔