اسلام آباد: دفتر خارجہ نے یونانی جزیرے کے قریب کشتی حادثے میں جاں بحق والوں میں ایک پاکستانی شہری کے شامل ہونے کی تصدیق کردی۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز یونان کے جنوبی جزیرے میں کشتی الٹنے کے حادثے کے بعد ریسکیو کیے جانے والوں میں 47 پاکستانی بھی شامل ہیں جب کہ مرنے والوں میں ایک پاکستانی کے شامل ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اس مرحلے پر ہم مرنے والے یا لاپتا پاکستانی شہریوں کی تعداد کی تصدیق کرنے سے قاصر ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ایتھنز میں پاکستانی سفارت خانہ براہ راست سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے متعلقہ کوسٹ گارڈ حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ سفارتخانے کے حکام ریسکیو کیے گئے پاکستانیوں سے ملاقات کرنے اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے کریٹ پہنچ گئے ہیں۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ لاپتا پاکستانیوں کے اہل خانہ پاکستانی سفارتخانے سے رابطہ کر سکتے ہیں۔