جے یو آئی کے رہنما حافظ حمد اللّٰہ نے کہا ہے کہ تنظیمات مدارس اور جے یو آئی کو مدارس رجسٹریشن بل میں کوئی ترمیم قبول نہیں۔
اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مدارس بل کے معاملے میں حکومت سیاسی، اخلاقی اور قانونی طور پر ہار چکی، مدارس رجسٹریشن بل ایکٹ بن چکا ہے، گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔
حافظ حمد اللّٰہ نے کہا کہ یہی جے یو آئی اور تنظیمات مدارس کا حکومت سے مطالبہ ہے، پارلیمنٹ بالادستی کا تقاضا ہے، پارلیمنٹ کا منظور کردہ بل قانون تسلیم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ گیند حکومت کے کورٹ میں ہے، اب بھی وقت ہے حکومت فیصلہ کرے ورنہ دیر ہو جائے گی۔
حافظ حمد اللّٰہ نے کہا کہ پارلیمنٹ کے فیصلے فیٹف کے حوالے نہ کریں، یا قوم کو بتا دیں ایوان میں فیصلے عوام کے نہیں فیٹف کی مرضی سے ہوں گے۔