اقبال اعوان :
کراچی میں جاری سرد موسم میں اگلے ماہ شدت آسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آگاہ کیا ہے کہ جنوری کے مہینے میں گزشتہ برسوں کے مقابلے میں درجہ حرارت کم ہونے کا امکان ہے۔ گزشتہ برسوں کی سردیوں میں کراچی کا کم از کم درجہ حرارت 7 ڈگری تک گیا تھا۔ اس بار جنوری میں کم از کم درجہ حرارت 5 ڈگری تک جانے کا زیادہ امکان ہے۔
سائبیرین ہوائیں چلنے کی وجہ سے ٹھنڈ بڑھ رہی ہے۔ جبکہ شہر میں مختلف اضلاع میں الگ الگ درجہ حرارت ریکارڈ ہو رہا ہے۔ جنوری کے وسط تک بارش کا کراچی میں کوئی امکان نہیں ہے۔ شہر میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت 25/26 اور رات کو 10/11 ڈگری چل رہا ہے۔ اس بار موسم سرما میں خشک میوہ جات، سوپ، لنڈے کے کپڑے والوں کا کام کم اور ڈاکٹروں و میڈیکل اسٹور والوں کا روزگار عروج پر ہے۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو سرد موسم میں احتیاط کا مشورہ دیا ہے۔ دمہ اور سینے کے انفیکشن میں زیادہ محتاط رہنے کا کہا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں 9 دسمبر سے سردی کا آغاز ہو چکا ہے۔ رات کے اوقات درجہ حرارت 7.5 ڈگری تک اور دن میں 25/26 ڈگری تک گرا ہے۔ رات سے شروع ہونے والا ٹھنڈا موسم صبح گیارہ بجے تک محسوس ہوتا ہے اور اس کے بعد اندھیرا ہونے تک نارمل رہتا ہے۔ شہر میں شمال مشرق (سائبیریا) سے ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔ اگر ہوا میں شدت آتی ہے تو ٹھنڈ بڑھ جاتی ہے۔ زیادہ تر ہوا کی رفتار 5/7 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔
شہر میں تین چار سال تک اولڈ ایئرپورٹ پر موسمی صورتحال کی مانیٹرنگ کی جاتی تھی۔ شہر بھر میں بارش ہوتی تھی اور گرمی، سردی ایک جیسی ہوتی تھی۔ اب شہر کے مضافاتی، کھلے علاقے الگ موسم رکھتے ہیں۔ اس لئے محکمہ موسمیات نے 6 جائزہ اسٹیشن بنا لیے ہیں۔ ان میں مرکزی محکمہ موسمیات گلستان جوہر، پورٹ قاسم، جناح ٹرمینل، اولڈ ایئرپورٹ ایریا، فیصل بیس، مسرور بیس کے موسمی مانیٹرنگ اسٹیشن شامل ہیں۔ دو روز قبل کراچی میں جب درجہ حرارت 10 ڈگری ہوا تو کہیں 9 اور جناح ٹرمینل پر 7.5 ڈگری تک گیا تھا۔
محکمہ موسمیات کے چیف میٹ آفیسر سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی والے ہوشیار ہو جائیں۔ دسمبر کے آخری ہفتے سے درجہ حرارت مزید کم ہو گا اور جنوری کا مہینہ انتہائی سرد ہونے کا امکان ہے۔ اس بار گزشتہ برسوں کی نسبت راتوں کو درجہ حرارت 5/6 اور دن میں 23/24 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ ابھی سائبیریا کی ہوائیں کم چل رہی ہیں۔ تاہم ہوا تیز ہونے پر ٹھنڈ بڑھ جائے گی اور دو تین روز بعد مغربی ہوائیں بھی داخل ہوں گی۔ شہر میں سردی کی شدت بھی علاقوں کے حساب سے الگ الگ ہے۔ بارشوں کا جنوری کے وسط تک کوئی امکان نہیں۔ بحیرہ عرب کی سمندری ہوائیں چل پڑیں تو موسم کم ٹھنڈا ہوگا۔ تاہم اس کا امکان کم ہے۔
دوسری جانب شہر میں گندگی کے ڈھیر، ٹوٹی سڑکوں کی گرد، جگہ جگہ سیوریج کے پانی سے مختلف اقسام کے مچھر پرورش پا رہے ہیں۔ راتوں میں مچھروں کی بہتات ہونے اور کاٹنے سے مختلف بخار ہو رہے ہیں۔ ڈاکٹروں اور میڈیکل اسٹور پر نزلہ، زکام، کھانسی، بخار، دمہ اور سینے کے انفیکشن سمیت مختلف امراض کے شکار شہریوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو سردی سے بچائو کیلئے اقدامات کرنے اور کھانے پینے میں احتیاط کا مشورہ دیا ہے۔