فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان لڑکیوں کی تعلیم پر ’عالمی سمٹ‘ کی میزبانی کرے گا، دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلمان معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے عالمی سمٹ کی میزبانی کرے گا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزرات تعلیم ’’مسلم کمیونٹیز میں لڑکیوں کی تعلیم کے چیلنجز اور مواقع‘‘ کے موضوع پر 11 اور 12 جنوری کو سمٹ میں بطورمیزبان شریک ہوگا۔

اجلاس کا مقصد مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ میں حائل رکاوٹوں، دستیاب مواقع ، مکالمہ کا فروغ اور درپیش چیلنجز کا حل تلاش کرنا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ اجلاس کا مقصد خواتین کے تعلیم چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے قابل عمل حل تلاش کرنا ہے، کانفرنس اعلیٰ سطح بات چیت اور تعاون کے لیے مثالی پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔

دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ تقریب کا افتتاح پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کریں گے، اور افتتاحی سیشن میں کلیدی خطاب کریں گے۔ اور اپنے خطاب کے ذریعے لڑکیوں کی تعلیم اور صنفی مساوات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرینگے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ سمٹ میں 44 ممالک کے وزراء، سفیروں، سمیت 150 سے زائد بین الاقوامی شخصیات کے علاوہ اسکالرز، ماہرین تعلیم، یونیسکو، یونیسیف اور ورلڈ بینک سمیت بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں بھی شرکت کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق مقررین اور پینلسٹ اپنے کامیاب تجربات شرکاء سے شیئر کریں گے اور تعلیم میں برابری کے فروغ کے لیے جدید طریقے پیش کریں گے۔

کانفرنس کے اختتام پر ”اسلام آباد اعلامیہ“ پر باضابطہ دستخط کیے جائیں گے، جو مسلم معاشرے کی لڑکیوں کو تعلیم کے ذریعے بااختیار بنانے کے مشترکہ عزم کا خاکہ پیش کرے گا جس سے جامع اور پائیدار تعلیمی اصلاحات کے ساتھ آئندہ نسلوں کے لیے روشن مستقبل کی راہ ہموار ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔