پشاور: کرم کے علاقے بگن میں پارا چنار جانے والے گاڑیوں کے قافلے پر ہونے والے حملے میں 2 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 6 ڈرائیورز شہید ہوئے اور 5 سیکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے جبکہ جوابی کارروائی میں 6 حملہ آور ہلاک اور 10 زخمی ہوئے جبکہ 5 ڈرائیورز تاحال لاپتہ ہیں۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز کرم کے علاقے بگن میں نامعلوم افراد نے پارا چنار جانے والے گاڑیوں کے قافلے پر حملہ کیا، حملے میں 2 سیکیورٹی اہلکار اور 6 ڈرائیورز شہید جبکہ 5 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق جوابی کارروائی میں 6 حملہ آور مارے گئے جبکہ 10 زخمی ہوئے۔
دوسری طرف لوئر کرم کے علاقے اڑوالی سے 4 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، مقتولین کو تشدد کے بعد فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق 4 ڈرائیورز کی لاشیں لوئرکرم سےصبح برآمد کی گئی ہیں، لاشوں کو لوئر کرم علی زئی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تاجر رہنما حاجی امداد کے مطابق 3 ڈرائیورز تاحال لاپتہ ہیں جبکہ 35 ٹرکوں میں سے سامان کے صرف 2 ٹرک واپس ٹل پہنچے، 10 سے زائد ٹرکوں کو لوٹنے کے بعد جلا دیا گیا جبکہ 30 سے زائد ٹرکوں میں اربوں روپے کا سامان لوٹا گیا۔
گرینڈ جرگہ ممبر کے مطابق امن معاہدے کی بار بار خلاف ورزی ذمے داروں کے سامنے رکھیں گے، بگن حملے سے امن کوششوں کو دھچکا لگا ہے۔
جرگہ ممبران کے مطابق راستوں کی بندش اور حملے انتہائی تکلیف دہ ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق قیام امن کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
سابق وفاقی وزیر ساجد طوری کا کہنا ہے کہ لاکھوں آبادی محصور ہونے پر حکومت کی خاموشی معنی خیز ہے، بار بار کانوائے اور مسافر گاڑیوں پر حملے ناقابل برداشت ہیں، کانوائے پر حملے کے دوران جوابی کارروائی سے مطمئن نہیں۔
جلال بنگش رہنما طوری بنگش قبائل کا کہنا ہے کہ انصاف کی فراہمی کے لیے حکومت کو 3 روز دیے ہیں، دہشت گردوں کے خلاف کاروائی نہ کی گئی تو ہم سے پھر کوئی گلہ نہ کریں۔