محکمۂ صحت سندھ نے کورونا اور انفلوئنزا ایچ ون این ون کیسز پر اسپتالوں میں ہنگامی گائیڈ لائنز جاری کر دی۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ موسم سرما میں کورونا وائرس اور ایچ ون این ون کے کیسز میں اضافے پر فوری اقدامات ضروری ہیں۔
محکمۂ صحت سندھ نے کہا کہ مشتبہ اور تصدیق شدہ کیسز کی بروقت رپورٹنگ یقینی بنائیں، صحت کے مراکز میں پی پی ای اور دیگر ضروری اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سرکاری اور نجی صحت کے مراکز میں انفیکشن کنٹرول کے اقدامات کو مزید مضبوط کریں، عوامی آگاہی مہم شروع کریں، ماسک پہننے، ہاتھ دھونے اور سماجی فاصلے پر زور دیں۔
محکمۂ صحت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس اور ایچ ون این ون کی علامات سے متعلق بروقت طبی امداد کی اہمیت پر معلومات فراہم کریں، ان کے کیسز، اقدامات اور مسائل کی ہفتہ وار رپورٹ جمع کروائیں۔
صوبائی محکمۂ صحت نے کہا کہ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔