پشاور میں مخدوش عمارتوں کے باعث 4 تعلیمی ادارے سیل
اداروں میں دو نجی اسکول، ایک سرکاری پرائمری اسکول اور ایک مدرسہ شامل ہیں
پشاور میں مخدوش عمارتوں کے باعث 4 تعلیمی ادارے سیل
پشاور: ضلعی انتظامیہ نے عمارتوں کی خستہ حالی اور منہدم ہونے کے خدشے کے پیشِ نظر شہر کے چار تعلیمی ادارے بند کر دیے ہیں۔ یہ کارروائی ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر کی ہدایات پر عمل میں لائی گئی۔
انتظامیہ کے مطابق سیل کیے گئے اداروں میں دو نجی اسکول، ایک سرکاری پرائمری اسکول اور ایک مدرسہ شامل ہیں۔ گنج منڈی میں مون لائٹ اسکول اور ایک مدرسہ، یکہ توت میں رمشا اسکول جبکہ لاہوری گیٹ میں گورنمنٹ پرائمری اسکول کو بند کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان عمارتوں کی حالت انتہائی خراب تھی اور ان کے منہدم ہونے کا خطرہ موجود تھا، جس کے باعث طلبہ، اساتذہ اور دیگر عملے کی حفاظت کے لیے فوری اقدام کیا گیا۔
انتظامیہ کے مطابق شہریوں، خصوصاً بچوں کی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور شہر میں دیگر مخدوش عمارتوں کے خلاف بھی حفاظتی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔