کراچی: وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے الزام عائد کیا ہے کہ متحدہ حادثات کو بنیاد بناکر کراچی میں فسادات کو ہوا دینے کی کوشش کررہی ہے، عوام جانتے ہیں کہ اصل فسادی کون ہیں؟
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ فاروق ستار اور دیگر متحدہ لیڈران ذہن نشین کرلیں کہ الزامات سے ان کا قد اونچا نہیں ہوگا، کراچی کے عوام دہائیوں تک متحدہ کی تشدد سے بھرپور دھونس والی سیاست کے رحم و کرم پرتھے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ متحدہ نے ہمیشہ دوسروں کی میتوں کو سیاست کیلئےاستعمال کیا، فاروق ستار پیپلز پارٹی پر الزمات سے قبل اپنی تاریخ پر نظرڈالیں۔
انہوں نے کہا کہ فسادات، تشدد، بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ متحدہ کی وطیرہ تھا، آفاق احمد کی گرفتاری قانون کے مطابق ہوئی، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے، متحدہ مگر مچھ کے آنسو بہانا بند کرے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے جبکہ ایم کیو ایم انتشار پھیلانے میں مصروف ہے، پشتونوں اور اردو بولنے کے درمیان نفرت پھیلانے کی سازش ایم کیو ایم خود کرتی آئی ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار کی پریس کانفرنس زہریلی سوچ کا مربہ ہے، سعدیہ جاوید
ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار کی پریس کانفرنس زہریلی سوچ کا مربہ ہے، یہ لوگ کراچی میں امن نہیں چاہتے، کراچی کے عوام ایم کیو ایم کی نفرت او تقسیم کی سیاست کو رد کر چکے ہیں۔
سعدیہ جاوید نے کہا کہ ایم کیو ایم کی تعصب، نفرت اور بدبودار سیاست کا جنازہ نکل چکا ہے، عوام ایم کیو ایم کے ڈراموں کو مسترد کرچکے ہیں، اب یہ چیخ و پکار بھی انہیں دوبارہ زندہ نہیں کرسکتی۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ عوام کے حقوق کے نام پر کراچی کو یرغمال بناتے رہے، وہ لوگ دوبارہ کراچی کا امن تباہ کرنے پر تلے ہیں، انہیں شرم آنی چاہیے۔
سعدیہ جاوید نے سوال کیا کہ ڈاکٹر فاروق ستار پہلے یہ بتائیں کہ اقتدار میں ہوتے ہوئے کراچی کے لیے سوائے تباہی اور لسانی سیاست کے کیا کام کیا؟ ڈاکٹر فاروق ستار کی پریس کانفرنس سے واضح ہوگیا کہ ایم کیو ایم کراچی میں امن نہیں چاہتی۔
ترجمان سندھ حکومت تحسین عابدی نے ایم کیو ایم کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اپنی ناکامیاں چھپانے میں مصروف ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos