فائل فوٹو
فائل فوٹو

بنوں چھاونی میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام، 6 خوارج جہنم واصل،9شہری شہید

 بنوں: سیکیورٹی فورسز نے بنوں کینٹ میں فتنہ الخوارج کا دہشت گردی کا حملہ ناکام بنا کر6 خوارج  کو جہنم واصل کر دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آج افطار کے بعد دہشتگردوں نے بنوں کینٹ میں داخل ہونے کی ناکام کوشش کی، جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا،

 ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں کی بارود سے بھری گاڑیوں کے دھماکے سے قریبی مسجد  بھی شہید ہو گئی، دھماکے سے قریبی گھر کی چھت گرنے سے 9 شہری شہید اور16  زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کی بر وقت کارروائی سے بنوں کینٹ کے باہر گھبراہٹ میں دہشت گردوں نے بارود سے لدی ہوئی 2 گاڑیاں بنوں کینٹ کی دیوار سے ٹکرا دیں۔

 سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ 6 خوارج کومختلف انٹری پوائنٹس پر موجود چوکس سیکیورٹی  اہلکاروں نے جہنم واصل کر دیا اور باقی ماندا دہشت گردوں کو محصور کر لیا گیا ہے۔

 سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ خارجیوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، سیکیورٹی فورسز کا کلیرنیس آپریشن تمام خارجیوں کے صفایا تک جاری رہے گا۔

دوسری جانب جیش فرسان محمد نامی شدت پسند تنظیم نے ان دھماکوں کی ذمے داری قبول کرلی ۔