آئی ایم ایف سے تکنیکی سطح کے مذاکرات کا پہلا سیشن مکمل، دوسرا سیشن جاری

پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات کا پہلا سیشن مکمل ہو گیا، جبکہ دوسرا سیشن جاری ہے جبکہ آج ایف بی آر اور وزارت خزانہ کے حکام سے بھی مذاکرات ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف جائزہ مشن کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات کا پہلا سیشن مکمل ہوگیا جبکہ دوسرا سیشن جاری ہے، آج ایف بی آر اور وزارت خزانہ کے حکام سے بھی مذاکرات ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے اخراجات میں کمی کے لیے رائٹ سائزنگ اقدامات پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے اور آئندہ سہ ماہی میں ریونیو شارٹ فال پورا کرنے کے لیے جامع پلان بھی طلب کر لیا ہے۔

آئی ایم ایف نے واضح کیا ہے کہ ریونیو شارٹ فال کے لیے کوئی گنجائش نہیں اور حکومت کو آئندہ سہ ماہی میں 300 ارب روپے کا شارٹ فال پورا کرنا ہوگا، اس حوالے سے ایف بی آر کو کمپلائنس رسک مینجمنٹ اور رسک امپرومنٹ پلان کے تحت اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

مزید برآں، آئی ایم ایف وفد کو بڑے شہروں میں ٹیکس نیٹ سے باہر بڑے ریٹیلرز پر بریفنگ دی گئی جبکہ آئی ایم ایف نے اسلام آباد، کراچی، لاہور میں ہائی رسک کیسز میں ریکوری کی ہدایت کی ہے تاکہ ہائی رسک کیسز سے ریکوری سے ریونیو شارٹ فال پورا کیا جائے۔