فائل فوٹو
فائل فوٹو

مصطفیٰ قتل کیس میں اہم پیشرفت، ایف آئی اے ٹیم ملزم ارمغان کے گھر پہنچ گئی

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں اغوا کے بعد قتل ہونے والے مصطفیٰ عامر کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی ٹیم مرکزی ملزم ارمغان قریشی کے گھر پہنچ گئی، پولیس کی موجودگی میں پورے گھر کی تلاشی لی گئی۔

رپورٹ کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر علی مردان کے زیرنگرانی ایف آئی اے ٹیم کی جانب سے گھر کے مختلف حصوں کی سرچنگ کا عمل جاری ہے،  ملزم ارمغان کے زیر استعمال اشیا کی جانچ پڑتال جاری ہے،  سرچنگ کے عمل کے دوران ارمغان کے زیر استعمال گاڑی کو چیک جارہا ہے۔

گھرکےاندر موجود الیکٹرونک گیجٹس کا معائنہ جاری ہے، گھر سے ملنے والی اشیاء کی انوینٹری بنائی جائیگی، تحویل میں لی گئی اشیا کو ایف آئی اے، اے ایم ایل منتقل کیا جائے گا۔

ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ سرکل کی ارمغان کے گھر کی تفصیلی تلاشی کے دوران  گھر میں  موجود کال سینٹر کے لئے استعمال ہونے والے مزید 18 سے زائد لیپ ٹاپ تحویل میں لے لئے گئے۔

فراڈ میں استعمال ہونے والے دیگر الیکٹرونک آلات بھی تحویل میں لے لئے گئے، تحویل میں لئے گئے سامان کی انوینٹری جاری ہے ، اس کے علاوہ ارمغان کی ملکیتی بییش قیمت کار بھی ایف آئی اے نے تحویل میں لے لی، تحویل میں لی گئی کار مبینہ طور پر منی لانڈرنگ کے پییسوں سے خریدی گئی۔

حکام کے مطابق ضبط کی گئی کار کو ایف آئی اے ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے گا، ارمغان کے گھر کی تلاشی کے لئے ایف آئی اے نے گزشتہ روز عدالت سے سرچ وارنٹ حاصل کیے تھے۔