تیز رفتاری اور غفلت لاپرواہی سے گاڑی چلانے والوں کے خلاف مہم جاری

آئی جی موٹروے پولیس رفعت مختار راجہ کی ہدایت پر تیز رفتاری اور غفلت لاپرواہی سے گاڑی چلانے والوں کے خلاف مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ اس مہم کے تحت نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ساؤتھ زون ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کر رہی ہے تاکہ شاہراہوں پر حادثات کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔

زونل کمانڈر ساؤتھ زون ڈی آئی جی اصغر علی یوسفزئی نے آج موٹروے M-9 کا دورہ کیا اور اوور اسپیڈنگ کے خلاف جاری مہم کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ مہم کو مزید موثر بنائیں اور تیز رفتاری کے مرتکب ڈرائیورز کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رکھیں۔

ڈی آئی جی موٹروے پولیس نے کہا کہ 150 کلومیٹر فی گھنٹہ یا اس سے زائد رفتار سے گاڑی چلانے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مہم کا مقصد صرف چالان کرنا نہیں بلکہ شہریوں کی زندگیاں محفوظ بنانا اور حادثات میں کمی لانا ہے۔

اوور اسپیڈنگ کے خلاف جاری مہم کو عوام میں پذیرائی مل رہی ہے اور شہری موٹروے پولیس کی کاوشوں کو سراہ رہے ہیں۔ ڈی آئی جی اصغر علی یوسفزئی نے عوام سے اپیل کی کہ دورانِ سفر حدِ رفتار کا خیال رکھیں، ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں اور محفوظ ڈرائیونگ کو یقینی بنائیں۔