آئی جی کا امن و امان کیلئے اعلیٰ حکام کو فرنٹ پر لیڈ کرنے کا حکم دیدیا، فائل فوٹو
 آئی جی کا امن و امان کیلئے اعلیٰ حکام کو فرنٹ پر لیڈ کرنے کا حکم دیدیا، فائل فوٹو

خیبرپختون میں دوران رمضان 30 قتل ہو چکے

محمد قاسم :

ماہ رمضان میں پشاور سمیت صوبہ بھر میں جہاں امن و امان کی صورتحال کشیدہ ہوئی ہے۔ وہیں ٹارگٹ کلنگ میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ افطاری کے وقت بنوں میں دہشت گردی کے واقعہ میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد موت کی آغوش میں چلے گئے۔ رمضان کے پہلے عشرے میں پشاور میں انڈوں کی لڑائی پر ایک نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا۔ واٹس ایپ گروپ سے ہٹانے پر ایڈمن کی جان لے لی گئی۔

اسی طرح چارسدہ میں پانچ افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ جبکہ اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ جس پر عوام میں خوف و ہراس بڑھ گیا ہے۔ دوسری جانب انسپکٹر جنرل آف پولیس ذوالفقار حمید نے صوبہ بھر کے اعلیٰ پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ امن و امان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اپنی ٹیم کو پوری تیاری کے ساتھ فرنٹ سے لیڈ کریں۔ یہ ہدایات انہوں نے سنٹرل پولیس آفس پشاور سے صوبہ بھر کے ریجنل پولیس افسران کے ساتھ ویڈیو لنک کانفرنس کرتے ہوئے جاری کیں۔

اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پیز آپریشنز، اسپیشل برانچ، چیف کیپٹل سٹی پولیس پشاور، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی ، ڈی آئی جی سیکورٹی اور اے آئی جی آپریشنز بھی موجود تھے۔ پولیس سربراہ نے کہا کہ شرپسندوں کیخلاف جاری کارروائی کے تناظر میں کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بھر پور تیاری کے ساتھ ساتھ ہنگامی پلان بھی مرتب کریں اور دہشت گردوں کے ہر حملے اور مذموم عزائم کو آہنی ہاتھوں سے بروقت ناکام بنائیں۔

کانفرنس کے شرکا کو یہ بھی ہدایت کی گئی کہ وہ پولیو ڈیوٹی کیلئے ضابطہ کار کو مزید موثر بنائیں۔ پولیو مہم کے دوران ٹیموں کی فول پروف سیکیورٹی اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں بھرپور جوابی کارروائی کو ہر حال میں یقینی بنائیں۔ آئی جی پی نے مزید ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیوں کو مزید نتیجہ خیز بنائیں اور اس مقصد کیلئے ضلعی پولیس افسران اپنے اضلاع میں سی ٹی ڈی کے ساتھ مل کر کارروائی عمل میں لائیں۔ افسران خود فیلڈ میں نکل کر امن و امان کے قیام کی نگرانی کریں۔ مزید برآں سنگین وارداتوں میں ملوث اشتہاری مجرمان کے خلاف کارروائی، داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی، افرادی قوت کے بہترین استعمال اور پولیس اسٹیشنز، چیک پوسٹوں کے دورے کرکے ان پر سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔ انسپکٹر جنرل نے شرکا کو رمضان اور عیدالفطر کے موقع پر سیکیورٹی کو مزید موثر بنانے کے اقدامات کے علاوہ چوکیوں اور تھانوں کے سیکورٹی انفرااسٹرکچر کی بحالی پر بھی زور دیا۔

واضح رہے کہ پولیس سربراہ کی جانب سے ملنے والی ہدایات کے بعد پشاور سمیت صوبہ بھر میں پولیس نے جرائم پیشہ افراد سمیت ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں پر قابو پانے کیلئے اقدامات اٹھانا شروع کر دیئے ہیں۔ خاص کر رمضان کے دوران مساجد، مدارس سمیت دیگر مذہبی مقامات پر سیکورٹی ہائی الرٹ رکھی گئی ہے۔ جبکہ گزشتہ روز بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے پشاور آنے والی ٹرین پر حملے اور یرغمال بنائے جانے کے واقعہ کے بعد پولیس مزید الرٹ ہو گئی ہے۔

پشاور شہر سمیت کینٹ ریلوے اسٹیشنوں کی سیکیورٹی بھی بڑھادی گئی ہے اور اطراف میں اہلکاروں کو جدید اسلحہ سے لیس کرکے تعینات کر دیا گیا ہے۔ اسی طر ح پشاور میں سنٹرل جیل سمیت سیشن کورٹ و ہائیکورٹ کی طرف جانے والے ر استوں پر بھی سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پشاور کی متعدد مساجد میں نماز تراویح کا سلسلہ جاری ہے۔ جس کیلئے بھی پولیس نے سیکورٹی کے موثر ترین انتظامات کیے ہیں۔ مساجد کے داخلی راستے پر اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے اور بغیر کسی بھی قسم کا سامان وغیرہ مساجد ساتھ لے جانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ اسی طرح شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی سیکورٹی بڑھادی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔