بلوچستان کی صوبائی کابینہ نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کر کے صوبے کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیرِ صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جس کے دوران صوبائی کابینہ کی جانب سے جعفر ایکسپریس اور نوشکی میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی مذمت کی گئی۔
کابینہ کی جانب سے دہشت گردی کے واقعات میں بر وقت اور فوری ردِعمل دینے پر سیکورٹی فورسز اور کارروائی میں شہید ہونے والے سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کوخراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
بلوچستان کابینہ کی جانب سے علماء کی ٹارگٹ کلنگ پر بھی اظہارِ تشویش کیا گیا۔
اجلاس میں اتفاقِ رائے سے اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ بلوچستان کابینہ اور عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فورسز کے ساتھ ہیں۔
اس موقع پر بلوچستان کابینہ نے چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈیولپمنٹ پروگرام کو سیلز ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دے دیا۔