امریکی کانگریس کا تین رکنی وفد اسلام آباد پہنچ گیا

امریکی ارکانِ کانگریس پر مشتمل تین رکنی وفد اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق وفد میں کانگریس مین جیک برگمین، تھامس رچرڈ سوازی اور جوناتھن جیکسن شامل ہیں۔ امریکی وفد 15 اپریل تک پاکستان کے دورے پر رہے گا۔

دورے کے دوران امریکی وفد کی وزیرِاعظم اور وزیرِخارجہ سمیت اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں طے ہیں۔ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، معیشت، تجارت، دفاع، تعلیم اور سیکیورٹی سمیت اہم امور پر بات چیت کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق امریکی وفد مختلف سیاسی جماعتوں کی قیادت سے بھی ملاقات کرے گا، جبکہ آزاد کشمیر اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ بھی شیڈول کا حصہ ہے۔

یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان اور امریکہ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر بات چیت جاری ہے۔ وفد کے دورے کو سفارتی اور دفاعی حلقوں میں اہمیت دی جا رہی ہے۔

امریکی کانگریس ارکان نے پاکستانی سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کی، یہ ملاقات امریکی سفیر کی رہائش گاہ پر استقبالیہ میں ہوئی۔

ذرائع کے مطابق فواد چوہدری اور فیصل چوہدری بھی ملاقات میں شریک تھے، پی ٹی آئی رہنما عاطف خان، ڈاکٹر امجد خان اور پیپلز پارٹی رہنما سحر کامران نے بھی امریکی کانگریس کے رہنماؤں سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان نژاد امریکی بزنس مین بھی ملاقات میں شامل رہے، پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے امریکی کانگریس کے ارکان نے کہا کہ پاک امریکی تعلقات کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کرینگے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔