ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے شیشہ کیفے کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا

اسلام آباد ( اسٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے شیشہ کیفے کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ۔ 9 شیشہ کیفے سیل کر کے 64 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ، گرفتار افراد میں چار خواتین بھی شامل ہیں ۔ گزشتہ روز میڈیا نےشیشہ کیفوں کے حوالے سے نشاندہی کی تھی جس پر ضلعی انتظامیہ نے نوٹس لیتے ہوئے شیشہ کیفوں کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے ۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے رات گئے مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے نجی ہاﺅسنگ سوسائٹی میں 9 شیشہ کیفے سیل کر دئیے ہیں ۔ دوران کارروائی 60 افراد اور 4 خواتین کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 110 حقے بمع فلیورز بھی قبضے میں لے لئے گئے ۔ تمام ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ اسلام آباد کی حدود میں 108 سے زائد شیشہ کیفے قائم کئے جا چکے ہیں جن کے خلاف گزشتہ کئی سالوں سے ضلعی انتظامیہ نے دباﺅ کے باعث کارروائیاں روک رکھی تھیں ۔