نواز طاہر:
پاکستان مرکزی کسان لیگ اور کسان رہنمائوں نے مشترکہ مشاورت کے بعد چار مئی کو لاہور میں قومی یکجہتی مارچ کا فیصلہ کیا ہے اور واضح کیا ہے کہ پاکستان کے کسان دفاع وطن کے لئے جنگ لڑنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اعلان کرے، وہ بھارتی ڈیم توڑ دیں گے۔
مرکزی کسان لیگ کے چیئرمین ذوالفقار علی اولکھ کا کہنا ہے ’’مودی نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرکے پاکستان پر جنگ مسلط کردی ہے۔ پاکستان کے کسان دفاع وطن کیلئے جنگ لڑنے کو تیار ہیں۔ ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ اتوار، چار مئی کو لاہور کے مال روڈ پر بھی یہی پیغام دیں گے۔ مودی سرکار نے معاہدہ منسوخ کرکے دریائے جہلم میں اچانک پانی چھوڑ کر پیغام دیا ہے کہ وہ جب چاہے گا پانی بند کردے گا۔ ہم بھارت کو منہ توڑ جواب دے سکتے ہیں۔ لیکن ابھی ہم پاکستانی قیادت کے اگلے احکامات کے منتظر ہیں۔ بصورت دیگر پاکستان کے کسان ٹریکٹروں کے ساتھ سرحد توڑ دیں گے اور پانی بند کرنے والے ڈیم بھی توڑ دیں گے۔ بھارت اس غلط فہمی یا خوش فہمی میں نہ رہے کہ پاکستان کے عوام پانی کے معاملے پر تقسیم ہیں‘‘۔
مرکزی کسان بورڈ کے رہنما چوہدری اختر فاروق میو نے کہا کہ پہلگام ڈرامے کے بعد مودی سرکار نے یہ وار کسانوں پر کیا ہے۔ اپنی گردن پر مودی وار کے نتیجے میں کسان متحد ہوچکے ہیں اور پاکستان کی زمینوں کو بنجر نہیں ہونے دیں گے۔ اتوار چار مئی کو کسانوں کے ساتھ پاکستان کے عوام بھی جمع ہوں گے اور واضح کیا جائے گا کہ دشمن اگر جنگ چاہتا ہے تو ہم ہزار سال تک لڑنے کیلئے تیار ہیں‘‘۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ بھارت نے پاکستان کے سرحدی علاقوں میں کسانوں کو فوری طور پر گندم کی کٹائی مکمل کرنے کا پابند کیا تھا۔ لیکن بھارتی کسانوں نے اپنی حکومت کے اس سخت اعلان پر کان نہیں دھرا۔ سرحد کے اطراف اور سرحد پار گندم کی فصل کی کٹائی معمول کے مطابق جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق مودی حکومت کو پاکستان کے مشرقی اور جنوب مشرقی علاقوں کے اپنے عوام کی طرف سے پذیرائی نہیں مل رہی۔
کسان لیگ کے صدر اشفاق ورک کا کہنا ہے کہ مودی بنیادی طور پر مسلم دشمن ہے ۔ اسے صرف انتہا پسند چاہئیں۔ کسی اور کو وہ برداشت نہیں کرتا اور اب اس نے پہلگام ڈرامے سے بہت بڑی غلطی کرلی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی آبی جارحیت کے خلاف پاکستانی کسان متحد ہیں۔ حکومت اعلان کرے۔ پاکستان کے کسان بھارتی ڈریم توڑنے کو تیار ہیں۔ ہم پاکستان کو آباد کریں گے۔ زراعت کو آباد کریں گے۔ ہر پاکستانی وطن عزیز کیلئے جان قربان کرنے کو تیار ہے۔
سول سوسائٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے ناصر خان نے کہا کہ پاکستان کی قیادت نے ابتدائی طور پر سخت جواب دیا ہے اور سفارتی سطح پر بھی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ بھارت کو پہلگام ڈرامے کی وجہ سے ہزیمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اب ہر پاکستانی اپنی قیادت کے اگلے اقدام کا منتظر ہے۔ پاکستانی قیادت جو بھی فیصلہ کرے گی، قوم اس کے سخت ترین فیصلے کو لبیک کہتے ہوئے اس کے شانہ بشانہ ہوگی۔ ہم تیار ہیں۔ امن کا پیغام دیتے ہیں۔ لیکن بھارت نے ہمیں جنگ کا پیغام اپنے اقدام سے دیا ہے۔ جس کا مقصد عالمی امن کو تباہ کرنا ہے۔ ہم بھی 4 مئی اتوار کو کسان تنظیموں کے ساتھ یکجہتی مارچ میں شرکت کریں گے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos