ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹینینٹ جنرل احمد شریف چوہدری پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سینئر افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کررہے ہیں، فائل فوٹو
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹینینٹ جنرل احمد شریف چوہدری پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سینئر افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کررہے ہیں، فائل فوٹو

مسلح افواج نے قوم سے کیا ہوا وعدہ پورا کیا، ترجمان پاک فوج

راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹینینٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے قوم سے کیا ہوا وعدہ نبھایا۔

اس موقع پر ترجمان پاک فوج لیفٹینینٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ 6 اور 7 مئی کو بھارتی جارحیت کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت درجنوں شہادتیں ہوئیں، ہمارے دل اور ہمدردیاں شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، بھارتی جارحیت کے نتیجے میں آپریشن بنیان مرصوص شروع کیا اور پاکستان کی مسلح افواج نے قوم سے کیا ہوا وعدہ نبھایا جس پر ہم اللہ کے شکر گزار ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ میدان جنگ میں منہ توڑ جواب دیا گیا، مسلح افواج بہادر پاکستانی قوم کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، ہم پاکستان کے نوجوانوں کے بھی احسان مند ہیں، نوجوان فرنٹ لائن سولجر کے طور پر سامنے آئے، ہم میڈیا اور بلا کسی امتیاز کے تمام سیاسی قیادت کے بھی مشکور ہیں، ہم وزیراعظم اور ان کی کابینہ کی جرات مندانہ فیصلوں پر بھی انکے مشکور ہیں۔

لیفٹینینٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مزید کہا کہ بھارت نے ڈرونز کے ذریعے پاکستان کے فضائی حدود کی خلاف ورزی کی، ہم نے دشمن کے خلاف فتح گائیڈڈ میزائل ون اور ٹو کا استعمال کیا، پاکستان نے تمام حملے انتہائی مہارت کے ساتھ کیے تاکہ شہری آبادی نشانہ نہ بنے، 2 مقامات پر بھارت کے ایس 400 بیٹری سسٹم کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ پاکستان کا رد عمل نصاب بن جانے والا تھا، بھارت کے 26 ملٹری ٹارگٹس اور فیسیلیٹیز کو نشانہ بنایا، مقبوضہ کشمیر اور بھارت کے مین لینڈ میں نشانہ بنایا گیا، سری نگر، جموں، ادھم پور، پٹھان کوٹ اور دیگر علاقوں میں زبردست نقصان ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ پونچھ میں ریڈار اسٹیشن کو بھی ٹارگٹ کیا گیا، ملٹری کمانڈ ہیڈ کوارٹرز کو بھی تباہ کردیا گیا، کے جی ٹاپ میں 10 بریگیڈ کو تباہ کیا گیا، پاک فوج نے بھارت کی 80 بریگیڈ کو بھی تباہ کیا، راجوڑی میں انٹیلی جنس سپورٹ یونٹس کو بھی تباہ کیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ ایل او سی کے پار ملٹری ہیڈکوارٹرز، لاجسٹک بیسز اور پوسٹس کو تباہ کیا، ہم نے انہیں اتنا نقصان پہنچایا کہ وہ سفید جھنڈے لہرانے پر مجبور ہوئے، اہم شہروں، حساس سیاسی اور سرکاری عمارتوں پر ڈرون بھیجے، پاک مسلح افواج نے اپنی جدید ملٹری ٹیکنالی کی ابھی جھلک دکھائی ہے، جب بھی ہماری سالمیت کو خطرہ ہوا، ردعمل انتہائی فیصلہ کن ہوگا، بہادر قوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ہم نے ان تنصیبات کو نشانہ بنایا جو پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دے رہی تھیں، ہم نے بھارت کے اندر بھی ان تنصیبات کو نشانہ بنایا، سورت گڑھ، سرسہ، بھج، نالیہ، آدم پور، بھٹنڈا، برنالہ، ہلواڑہ، اونتی پورہ، سری نگر، جموں، ادھم پور، مامون، انبالہ اور پٹھان کوٹ شامل ہیں۔

لیفٹینینٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان نے سائبر حملے بھی کیے، سائبر حملوں سے بھارتی مواصلات اور انفرااسٹرکچر نظام کو مفلوج کیا، پاکستانی افواج کے پاس ایسی کئی جنگی صلاحتیں موجود ہیں، چند صلاحیتوں کا اظہار کیا اور باقی آئندہ کے لیے ہے، پاکستان کا رد عمل محدود نوعیت کا تھا، اپنے ٹارگٹس میں یقینی بنایا کہ عام شہری متاثر نہ ہوں، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں غیرمعمولی اضافہ ہوا۔ یہ ناقابل تردید ثبوت ہے کہ بھارت پراکسی کے ذریعے دہشت گردی کررہا ہے،قوم متحد ہوکر مادر وطن کے تحفظ کے لیے کھڑی ہوئی۔

وائی اور فضائی اڈوں کو کن علاقوں میں نشانہ بنایا گیا؟

سورت گڑھ، سرسا، بھٹنڈا،  بوجھ، نالیا، آدم پور، برنالہ، ہلواڑہ، اونتی پورہ، سری نگر، جموں، ادھم پور، مامون، انبالہ اور پٹھان کوٹ میں بھارتی فضائی اور ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔

اے جی ٹاپ، نشہرہ میں موجود 10 بریگیڈ، 80 بریگیڈ کی کمانڈ تنصیبات کو بھی تباہ کیا گیا، ان تنصیبات سے بلااشتعال فائرنگ کر کے معصوم بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

بھارتی ملٹری انٹیلی جنس یونٹس تباہ

’راجوڑی میں بھارتی ملٹری انٹیلی جنس کی یونٹس اور فیلڈ عناصر جو پاکستان میں پراکسی دہشت گردی کو سپورٹ کرتے تھے انہیں بھی ختم کردیا گیا۔‘

’لائن آف کنٹرول پر چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا‘

’لائن آف کنٹرول پر اُن چیک پوسٹوں کو مسلسل نشانہ بنایا گیا جو آزاد کشمیر میں نہتے شہریوں پر گولیاں برساتی تھیں، پھر اُن چیک پوسٹوں نے سفید جھنڈے لہرا دیے۔‘

پاکستانی ڈرونز بھارت میں مسلسل پرواز کرتے رہے

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان کی مسلح ڈرونز نے بھارت کے بڑے شہروں، دہلی، مقبوضہ کشمیر سے گجرات تک مسلسل پرواز کرتے رہے تاکہ پاکستان کی صلاحیت کا نہ صرف اظہار کیا جائے بلکہ یہ بھی بتایا جائے کہ ڈرونز کا موجودہ وار فیئر میں کوئی فائدہ نہیں ہے۔

’کئی جدید صلاحیتوں کو آئندہ استعمال کیلیے چھوڑا گیا ہے‘

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستانی افواج کے پاس ایسی کئی جدید جنگی صلاحیتیں موجود ہیں، جو کو اس تنازع کے دوران محدود سطح پر استعمال کیا گیا جبکہ کئی کو آئندہ کیلیے محفوظ رکھا گیا ہے۔

نہوں نے کہا کہ بھارت کی مسلسل اشتعال انگیزی کے مقابلے میں پاکستان کا ردعمل نہایت درست، متوازن اور محدود رہا، ہر حد جو ہمارے معصوم شہریوں کے قتل اور دہشت گردی میں ملوث اُسے نشانہ بنایا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جب مشرقی سرحد پر افواج پاکستان دفاع میں مصروف تھیں تو بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔

پریس کانفرنس میں پاک بحریہ اور پاک فضائیہ نے آپریشن بنیان المرصوص میں اپنی کامیاب کارروائیوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی فوج ہمارا فخر، پاکستان زندہ باد، ہم نے تمہیں بتایا تھا کہ اپنی مرضی سے جواب دیں گے، قوم کو بتایا تھا کہ جب ہم وار کریں گے تو پوری دنیا دیکھے گی، ہم نے تمہیں کہا تھا کہ یہ بہادر جوان جذبہ شہادت سے سرشار ہیں، ہمارا مذہب، کلچر اور پروفیشنلزم ہمیں شہریوں کو ٹارگٹ کرنے کی اجازت نہیں دیتا، بھارتی میڈیا اور بین الاقوامی میڈیا نے بھی یہ مانا ہے۔

اللہ کی مدد سے ملک کا دفاع کرنے میں کامیاب رہے، وائس ایڈمرل رب نواز

اس موقع پر پاکستان نیوی کے وائس ایڈمرل رب نواز نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ کی مدد سے ہم اپنے ملک کا دفاع کرنے میں کامیاب رہے، ہم نے اپنی تیاری کو برقرار رکھا، فالس فلیگ کے فوری بعد ہم متحرک ہوئے، ہم سمندر میں ہر طرح کی جارحیت کے لیے تیار تھے، بھارتی نیوی کی سرگرمی پر ہماری مسلسل نظر تھی۔

وائس ایڈمرل رب نواز نے بتایا کہ 9 مئی کو بھارتی نیوی پاکستانی ساحل سے 400 نوٹیکل میل پر تھی، کوئی بھی جارحیت ہوتی ہم ردعمل کیلئے تیار تھے، ہم بھارتی ائیرکرافٹ کیئریر کی نقل و حرکت کو بھی مسلسل مانیٹر کررہے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے دشمن کو جارحیت نہ کرنے پرمجبور کردیا، کراچی کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار تھے، تمام پورٹس، شپنگ کو مکمل تحفظ فراہم کیا۔

پاک فضائیہ اور بھارتی فضائیہ کا مقابلہ 6-0 رہا، ایئروائس مارشل اورنگزیب

پاک فضائیہ کے ایئروائس مارشل اورنگزیب نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کا کوئی ثانی نہیں، پاک فضائیہ اور بھارتی فضائیہ کا مقابلہ 6-0 رہا، ہم نے خطرے کو ختم کردیا، اینٹی ڈرون سسٹم نے دشمن کے ڈرونز کو جام کرکے غیرموثر کردیا، پاکستان نے اپنا بنایا جی پی ایس جیمنگ سسٹم استعمال کیا، یہ ڈرون جیسے ہی آبادی کی طرف اآتے، گرادیے جاتے، ہم نے ان کے جی پی ایس میں ’ایرر‘ شامل کیے، براہموس میزائل 3 ہزار کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے آئے، براہموس کو سورت گڑھ سے رفیقی ایئر بیس پر فائر کیا گیا۔

ایئروائس مارشل اورنگزیب نے بتایا کہ ہم نے ان کے جی پی ایس میں خلل پیدا کیے، ان ’ایررز‘ نے براہموس کی ’سی ای پی‘ تیز ہوگئی، سی ای پی بڑھنے سے براہموس کی ٹارگٹ کرنے کی صلاحیت کم ہوگئی، سکھر میں شہباز فیلڈ پر فائر کیا براہموس ایئرفیلڈ سے گزرتا پڑوسی ملک کی طرف گیا، بھارت نے پڑوسیوں کو بھی خطرے میں ڈال دیا۔

یاد رہے کہ 10 مئی کو علی الصبح پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں’آپریشن بنیان مرصوص’ (آہنی دیوار) کا آغاز کیا تھااور بھارت میں ادھم پور، پٹھان کوٹ، آدم پور ایئربیسز اور کئی ایئرفیلڈز سمیت براہموس اسٹوریج سائٹ اور میزائل دفاعی نظام ایس 400 کے علاوہ متعدد اہداف کو تباہ کردیا تھا۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا تھا کہ پاکستان کے عوام اور مساجد کو جن ایئربیسز سے ٹارگٹ کیا گیا تھا، ان اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فجر کے وقت دشمن کے خلاف آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کا آغاز کیا گیا اور بھارت پر فتح ون میزائل فائر کیے گئے تھے۔

اسی طرح پاکستانی میزائلوں سے بیاس کے علاقے میں براہموس اسٹوریج سائٹ تباہ کردی گئی تھی جبکہ پاک فوج نے پٹھان کوٹ میں ایئرفیلڈ کو بھی تباہ کردیا، راجوڑی اور نوشہرہ میں پاکستان میں دہشت گردی کروانے والے بھارتی ملٹری انٹیلی جنس کے تربیتی مراکز بھی تباہ کر دیے گئے تھے۔