اسلام آباد: وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے معرکہ حق میں دفاع وطن کے دوران بھارتی طیاروں کو تباہ کرکے پاکستان کی فضائی برتری قائم کرنے والے پاک فضائیہ کے شاہینوں سے ملاقات کے لیے کامرہ ایئربیس کا دورہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کامرہ ایئربیس کا دورہ کیا اور اکیسویں صدی کی سب سے طویل فضائی جھڑپوں میں سے ایک میں دشمن کی برتری کی خوش فہمی کو خاک میں ملانے والے پاک فضائیہ کے شاہینوں سے ملاقات کی۔
کامرہ ایئربیس دورے کے موقع پر نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ آصف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور اعلی سول و عسکری قیادت بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھی۔
پاکستان ٹیلی ویژن وزیراعظم کی بھارتی فضائی جارحیت کو ناکامی سے دوچار کرنے والے پاک فضائیہ کے شاہینوں سے تاریخی گفتگو آج شام کو نشر کرے گا۔
واضع رہے بھارت نے 6 اور 7 فروری کی درمیانی شب کوٹلی، بہاولپور، مریدکے، باغ اور مظفر آباد سمیت 6 مقامات پر میزائل حملے کیے جس کے نتیجے میں 26 شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے تھے، جس کے جواب میں پاکستان فوری دفاعی کارروائی کرتے ہوئے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے تھے۔
بھارت نے 10 فروری کی رات پاکستان کی 3 ایئربیسز کو میزائل اور ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا جس کے بعد علی الصبح پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں’آپریشن بنیان مرصوص’ (آہنی دیوار) کا آغاز کیا تھا اور بھارت میں ادھم پور، پٹھان کوٹ، آدم پور ایئربیسز اور کئی ایئرفیلڈز سمیت براہموس اسٹوریج سائٹ اور میزائل دفاعی نظام ایس 400 کے علاوہ متعدد اہداف کو تباہ کردیا تھا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos