رفاہ یونیورسٹی میں کتاب ’صحافت بیتی‘ اور ’لفظ تماشا‘ کی تقریب پذیرائی

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر)رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی میں کتاب ’صحافت بیتی‘ اور ’لفظ تماشا‘ کی تقریب پذیرائی منعقد ہوئی جس میں اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد کے ڈپارٹمنٹ آف میڈیا سائنسز اور ادارہ فروغ علم و ادب کے زیر اہتمام سینئر صحافی اور روزنامہ امت کے گروپ ایڈیٹر سجاد عباسی کی کتاب ’صحافت‘ بیتی اور سینئر صحافی عبدالخالق بٹ کی کتاب ’لفظ تماشا‘ کی تقریب پذیرائی کا انعقاد کیا گیا۔

 

تقریب میں ڈپارٹمنٹ آف میڈیا سائنسز کے سربراہ ڈاکٹر ریاض عادل،ممتازنثر نگار احمد حاطب صدیقی، افتخار کھوکھر، ڈاکٹر نعمان انصاری، ڈاکٹر انعام الحق سلہری،آفتاب اقبال، سینیئر صحافی ضرار خان، سینئر استاد اظہر نیاز، ڈاکٹر کاشف جنجوعہ ،اعظم طارق کوہستانی سمیت اساتذہ اور طالبہ و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔

 

مقررین نے ’صحافت بیتی‘ کو پاکستان کی صحافتی تاریخ کی اہم دستاویز قرار دیا اور اس کتاب میں جن معتبر صحافیوں کے انٹرویوز شامل ہیں، ان کی صحافتی خدمات پر روشنی ڈالی۔

 

اس موقع پر کتاب ’لفظ تماشا‘ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مقررین نے اسے ایک اردو زبان سے رغبت و محبت پیدا کرنے کا اہم ذریعہ قرار دیا۔تقریب سے ڈپارٹمنٹ آف میڈیا سائنسز کے سربراہ عادل ریاض، ادارہ فروغ علم و ادب کے سربراہ احمد حاطب صدیقی، سینئر صحافی آفتاب اقبال، سینئر صحافی ضرار خان اور انعام الحق سلہری کے علاوہ مصنف ’صحافت بیتی‘ سجاد عباسی اور ’لفظ تماشا‘ کے مصنف عبدالخالق بٹ نے بھی خطاب کیا۔

 

جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض اعظم طارق کوہستانی نے انجام دیے۔