راولاکوٹ (امت نیوز /نامہ نگار) آزاد کشمیر کے ضلع راولاکوٹ کے نواحی علاقہ حسین کوٹ میرہ میں فورسز کی کارروائی کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہو گئے ۔ہلاک ہونے والا ظرنوش نسیم آزاد کشمیر میں ایک پولیس اہلکار کے مقدمہ قتل میں مطلوب تھا.ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خفیہ اطلاع پر راولا کوٹ میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی۔بعض اطلاعات کے مطابق فورسز کے گھیرے میں آئے ہوئے دہشت گردوں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔اس دوران فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی جاری رہا۔واقعے میں پولیس کے 2 اہلکار شہید جبکہ 8 زخمی ہوگئے جن کی شناخت رحمان، حفیظ، نعمان، ذیشان، اصغر علی اور نعیم کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے سی ایم ایچ راولاکوٹ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ایک پولیس اہلکار کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
شہید پولیس اہلکار
دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران شہید ہونے والے اہلکاروں اہلکاروں میں طارق بشیر سکنہ بنجوسہ اور گلفراز سکنہ بھمبر آزاد کشمیر کی شناخت ہوئی ہے۔ جس کی میتیں سی ایم ایچ راولاکوٹ منتقل کر دی گئی ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد زرنوش نسیم اور اس کے ساتھیوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی اداروں نے کارروائی کی منصوبہ بندی کی تھی۔ رات گئے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پولیس اور دیگر سکیورٹی ادارے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید تفتیش میں مصروف ہیں۔۔ سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری موقع پر پہنچ چکی ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
دوسری طرف ایس ایس پی راولاکوٹ کے مطابق اطلاع ملی تھی کہ پولیس اہلکار سجاد کے قتل کے مقدمے میں مطلوب زرنوش نسیم ،اس کا بھائی جبران نسیم اور اُن کے ساتھی ایک غار میں چھپے بیٹھے ہیں اور دہشت گردی کی بڑی کارروائی کا منصوبہ بنا رہے ہیں.اس پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار کارروائی کیلئے وہاں پہنچے.جب ملزمان کو ہینڈز اپ کرنے کی کوشش کی تو ایک ملزم نے دستی بم سے پولیس پر حملے کر دیا جس سے اس کا اپنا ساتھی بھی زد میں آ گیا.اس دوران فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس میں ایک پولیس اہلکار شہید اور دیگر زخمی ہو گئے جن میں سے ایک اہلکار بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا.مطلوب ملزم ذرنوش نسیم اس کا بھائی جبران نسیم اور اُن کے دو دیگر ساتھی ہلاک ہو گئے.

Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos