فائل فوٹو
فائل فوٹو

ملیر جیل سے فرار 114 قیدی واپس آ گئے، 102 اب بھی مفرور

کراچی میں ڈسٹرکٹ جیل ملیر سے گزشتہ روز فرار ہونے والے 216 میں سے اب 102 قیدی گرفتار ہونا باقی ہیں۔

جیل حکام کے مطابق واپس جیل میں آنے والے قیدیوں کی تعداد 114 ہے، مختلف تھانوں کی پولیس نے فرار قیدیوں کو گرفتار کر کے جیل پہنچایا ہے۔

جیل حکام کے مطابق کچھ افراد کے اہلِ خانہ بھی انہیں واپس جیل لے کر آئے ہیں، واقعہ پیر اور منگل کی درمیانی شب پیش آیا تھا۔

کراچی میں آئے زلزلے کے بعد قیدیوں نے ہنگامہ آرائی کی اور جیل پولیس کے اہلکاروں سے اسلحہ چھینا۔واقعےمیں 1  قیدی ہلاک جبکہ جیل پولیس اور ایف سی کے اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔واقعے کا مقدمہ انسدادِ دہشت گردی ایکٹ اور دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا۔

انسپکٹر جنرل (آئی جی) جیل خانہ جات قاضی نذیر احمد نے ضلع ملیر جیل سے قیدیوں کے فرار ہونے میں غفلت اور لاپروائی کے الزام میں ڈی ایس پی جیل سمیت 23 اہلکاروں کو معطل کر دیا۔

معطل کیے جانے والے افسران میں جنرل ایڈمنسٹریشن کے ڈی ایس پی، ڈیوٹی افسر اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل شامل ہیں۔

آئی جی جیل خانہ کی جانب سے معطل کیے جانے والے دیگر عہدیداروں میں 3 ہیڈ کانسٹیبلز جیل کے علاوہ 18 کانسٹیبلز جیل شامل ہیں۔

معطل ہونے والے اہلکاروں میں نائٹ علمدار، کیچن، گیٹ منشی، گیٹ کیپر، سیکیورٹی وارڈ، جیل کے اندر کے واچ ٹاورز، سیکیورٹی وارڈ، اسپتال بند وارڈ اور دیگر مقامات پر تعینات اہلکار شامل ہیں۔