اسلام آباد ( امت نیوز)استاد، شاعر اور ماہر قانون صبیر ستی مرحوم کی پہاڑی لسانیات کے حوالے سے دوہزار چار میں شائع ہونے والی کتاب کا دوسرا ایڈیشنشائع ہو گیا۔ پہاڑی لسانیات کے موضوع پر پاکستان سے شائع ہونے والی یہ پہلی کتاب ہے۔ دوسرے ایڈیشن میں پروفیسر اشفاق کلیم عباسی ، ڈاکٹر یاسر ستی الخیری، محمود الحسن ستی اور احمد سہیل صبیر ستی کے کتاب کے حوالے سے مضامین شامل کیے گئے ہیں۔
یہ کتاب کل پانچ ابواب پر مشتمل ہے۔ پہلے باب میں مصنف نے پہاڑی زبان کا مختصر سا تعارف پیش کیا ہے۔ دوسرے باب میں پہاڑی زبان کے بنیادی قواعد کے حوالے سے بحث کی گئی ہے۔ حروف تہجی، رسم الخط، ہندسے، حرکات، کلمہ (اسم، فعل، حرف) کے حوالے سے یہ بحث تقریبا پچاس صفحات پر محیط ہے۔
تیسرے باب میں زمانوں کے متعلق بحث ہے اور اس ضمن میں گردانوں کی مدد سے اردو اور پہاڑی کا تقابل پیش کرتے ہوئے فاضل مصنف نے اپنی بات سمجھائی ہے۔ کہیں کہیں انگریزی کی بھی مثالیں پیش کی گئی ہیں۔چوتھے باب کے شروع میں اردو سے پہاڑی میں ترجمے پیش کئے گئے ہیں ۔علاوہ ازیں پہاڑی محاورات اور ضرب الامثال بھی اردو ترجمے سمیت شامل کیے گئے ہیں۔ آخری باب میں ادبی نمونے پیش کئے گئے ہیں۔ ان میں افسانہ، مکالمہ، خطوط، ہائیکو اور دو غزلیں شامل ہیں۔ کتاب اواز پبلکیشن راولپنڈی نے شائع کی ہے جس کی قیمت ایک ہزار روپے ہے اور یہ 500 روپے کی رعایتی قیمت پر پیش کی جا رہی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos