فائل فوٹو
فائل فوٹو

معروف صحافی اور مصنفہ زبیدہ مصطفیٰ انتقال کرگئیں

کراچی: کراچی پریس کلب کی سینئرممبر،معروف صحافی اور مصنفہ زبیدہ مصطفیٰ 84 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

مرحومہ کی نمازجنازہ کل بعد نمازجمعہ امام بارگاہ یثرب ڈیفنس فیز4میں اداکی جائے گی،کراچی پریس کلب کے صدر ، سیکریٹری اور مجلس عاملہ نے زبیدہ مصطفی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

کراچی پریس کلب سے جاری تعزیتی بیان میں صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری سہیل افضل خان اور مجلس عاملہ نے کہاکہ زبیدہ مصطفی صف اول کی صحافی تھیں جنہوں نے سچائی ،سماجی اور انصاف کیلئے صحافت میں نئی راہیں متعین کیں وہ پاکستانی صحافت کی علمبردار،تعلیم اور خواتین کے حقوق کے لیے ایک نمایاں آواز تھیں۔انہوں نے اپنے کیریئر کو اہم سماجی مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے وقف کیا، جس میں تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور غربت کے خاتمے پر خصوصی توجہ دی گئی۔

وہ پاکستان میں مرکزی دھارے کی صحافت میں آنے والی پہلی خواتین میں شامل تھیں، جنہوں نے آنے والی نسلوں کے لیے راہ ہموار کی۔وہ تقریبا 50 سال تک اس شعبے سے وابستہ رہیں، اس دوران وہ صحافیوں کی نسلوں کی رہنما اور تعلیم، خواتین کے حقوق اور سماجی انصاف کے لیے ایک غیر متزلزل وکیل بنیں۔

انہوں نے کہاکہ آٹھ کتابوں کی مصنفہ زبیدہ مصطفی نے بین الاقوامی خواتین کی میڈیا فائونڈیشن کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سمیت متعدد اعزازات اپنے نام کیے ۔

کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں ہم زبیدہ مصطفی کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ پاک مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے آمین یارب العالمین
دریں اثنا مرحومہ کی نمازجنازہ کل بعد نمازجمعہ امام بارگاہ یثرب ڈیفنس فیز 4میں ادا کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سینئر صحافی زبیدہ مصطفیٰ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز  نے سوگوار خاندان سے ہمدردی ا ور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔