پاکستان اور بحرین کا سیکیورٹی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی بحرین کےایک روزہ دورے پر دارالحکومت منامہ پہنچ گئے،بحرین کے وزیر داخلہ جنرل شیخ راشد بن عبداللہ الخلفیہ نےایئر پورٹ پران کا شاندار استقبال کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کو بحرینی وزارت داخلہ ہیڈ کوارٹرمنامہ فورٹ آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، وزیرداخلہ محسن نقوی نے بحرین کے ہم منصب جنرل شیخ راشد بن عبداللہ الخلفیہ سےملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات کے دوران سکیورٹی تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا،اس کے علاوہ انسداد دہشت گردی،انسانی اسمگلنگ اور انسداد منشیات بارے دوطرفہ اشتراک پر بھی بات چیت کی گئی،سکیورٹی تعاون بڑھانے،علاقائی اور عالمی چیلنجز سے نمٹنےکیلئے مشترکہ سکیورٹی کمیٹی مزید مؤثر بنانے پربھی غورکیا گیا۔
بحرین کے وزیر داخلہ نے باہمی سکیورٹی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون اور ہم آہنگی کو سراہتے ہوئے کہا آپ کے دورےسے دونوں ممالک کے تعلقات اورسکیورٹی روابط مزید مستحکم ہوں گے، پاکستان اور بحرین کےسکیورٹی تعاون اور کوآرڈینیشن کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نےاس موقع پر کہا کہ دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کاانسداد منشیات و انسانی سمگلنگ کیلئے تعاون بڑھانا وقت کی ضرورت ہے،انہوں نے بحرینی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی، بحرینی وزارت داخلہ میں رکھی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔