کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے ، صدر ، وزیراعظم

 

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم شہدائے کشمیر عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دنیا بھر میں مقیم کشمیری ریلیاں، جلسے، جلوس اور تقریبات منعقد کر رہے ہیں۔

یوم شہدائے کشمیر پر صدرمملکت آصف زرداری نے 13 جولائی 1931 کے 22 شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء نے سری نگر جیل کے باہر ظلم و جبر کیخلاف جانوں کا نذرانہ پیش کیا، کشمیری عوام کی موجودہ جدوجہد انہی شہدا کی قربانیوں کا تسلسل ہے۔

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہداء نے کشمیری قوم کے دلوں میں آزادی کی شمع جلائی، جو آج بھی روشن ہے ، پاکستان کشمیری عوام کی بہادری، عزم اور قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کو بھارت نے عسکری قید خانہ بنا دیا ہے، بھارت کی مسلمانوں کی شناخت مٹانے کی منظم کوششیں تشویشناک ہیں، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کا نوٹس لے۔

صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی، سفارتی حمایت جاری رکھے گا، کشمیریوں کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت ملنا چاہیے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ شہدائے کشمیر ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو کشمیری عوام نے حقِ خودارادیت کے لیے دی ہیں اور دے رہے ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔