فائل فوٹو
فائل فوٹو

90 دن کاپلان کہاں سے آیا ہے،عالیہ حمزہ کا گنڈا پور سے سوال

لاہور: تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی جانب سے تحریک کے اعلان پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ 5 اگست کے مقابلے میں 90 دن کا پلان کہاں سے آیا ہے۔

پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کے لاہور میں ہوئے بڑے اجلاس میں چیف آرگنائزر پنجاب عالیہ حمزہ کو نظرانداز کیا گیا، جس پر انہوں نے ردعمل دیا اور اجلاس میں ہونے والے فیصلے پر شکوک کا اظہار کرتے ہوئے کئی سوالات پوچھے ہیں۔

پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزرعالیہ حمزہ نے طنزیہ ٹویٹ میں کہا کہ ویسے تو مجھ تک پہنچنے والی کچھ اطلاعات کے مطابق میں پچھلے 2 دن سے بہت مصروف تھی، ایسی مصروفیات جن کا شاید مجھے بھی علم نہیں تھا، کیا کوئی روشنی ڈالے گا۔

عالیہ حمزہ نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے کس لائحہ عمل کا کل یا آج اعلان ہوا ہے، تحریک کہاں سے اور کیسے چلے گی؟۔

پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر نے کہا کہ 5 اگست کے مقابلے میں 90 دن کاپلان کہاں سے آیا ہے، اگر آپ میں سے کسی کی نظر سے گزرا ہو تو میری بھی رہنمائی کر دیں۔