فائل فوٹو
فائل فوٹو

اسلام آباد میں غیرقانونی کال سینٹر پر چھاپہ،5 غیرملکیوں سمیت 65 افراد گرفتار

اسلام آباد: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے جی 10 اسلام آباد میں غیرقانونی کال سینٹر پر چھاپہ مار کر 5 غیرملکی باشندوں کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق کال سینٹر میں 5 غیرملکی اور 60 سے زائد پاکستانی کام کر رہے تھے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ کال سینٹر میں غیر قانونی ویب سائٹس اور فراڈ کا نیٹ ورک چلایا جا رہا تھا۔

تحقیقاتی ایجنسی کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد غیر قانونی کال سینٹر چلانے میں ملوث تھے۔

این سی سی آئی اے نے اعلان کیا ہے کہ ان افراد کو سہولتیں اور سیکیورٹی فراہم کرنے والے دیگر عناصر کے خلاف بھی مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس سے قبل رواں مہینے 8 جولائی کو این سی آئی آئی اے نے فیصل آباد کے علاقے شاہ کوٹ میں ایک گھر پر چھاپہ مارا تھا۔ اس کارروائی کے دوران 71 غیرملکیوں سمیت 149 افراد گرفتار کیے گئے تھے۔