پشاور ہائیکورٹ کے حکم پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے اراکین سے حلف لے لیا۔
چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے مخصوص نشستوں پر حلف برداری کے لیے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو نامزد کیا، جس کے بعد گورنر ہاؤس پشاور میں حلف برداری کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد گورنر فیصل کریم کنڈی نے مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے 25 اراکین سے حلف لیا۔
قبل ازیں مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین نے رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ کے پاس درخواست دائر کی تھی، کے پی اسمبلی اجلاس میں کورم کی نشاندہی پر اجلاس ملتوی ہوا، اسمبلی اجلاس ملتوی ہونے پر مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین سے حلف نہیں لیا گیا۔
اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے بھی پشاور ہائی کورٹ کو ایک مراسلہ لکھا جس میں عدالت عالیہ سے ممبران کے حلف کے لیے اقدام کی درخواست کی گئی۔
الیکشن کمیشن نے لکھا کہ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ ایک شخص کو نامزد کریں جو پشاور ہائی کورٹ ممبران کا حلف لے، کورم کی نشاندہی پر خیبر پختون خوا اسمبلی میں ممبران کا حلف نہ ہو سکا، منتخب ممبران کا حلف نہ ہوا تو سینٹ انتخابات کا انعقاد مشکل ہوگا۔
قبل ازیں صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے لیے خیبر پختونخوا اسمبلی کا 2 گھنٹے سے زائد وقت کی تاخیر سے شروع ہونے والے اجلاس میں کورم کی نشاندہی کر دی گئی۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کے اجلاس کی صدارت اسپیکر بابر سلیم سواتی نے کی، اجلاس شروع ہوتے ہی حکومتی رکن شیر علی آفریدی نے کورم کی نشاندہی کردی تھی جس کے بعد اجلاس 24 جولائی دوپہر دو بجے تک ملتوی کردیا گیا تھا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos