موٹروے پولیس اور ایچ ڈی آئی پی اسلام آباد کا غیر قانونی گیس سلنڈرز کیخلاف مشترکہ آپریشن

موٹروے پولیس مری اور ایچ ڈی آئی پی اسلام آباد کا گاڑیوں میں نصب غیر قانونی گیس سلنڈرز کے خلاف مشترکہ آپریشن۔
عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے ۔ڈی آئی جی افضال احمد کوثر

موٹروے پولیس مری اور ہائیڈرو کاربن ڈویلپمنٹ انسٹیٹیوٹ آف پاکستان اسلام آباد کے اشتراک سے پبلک سروس وہیکلز اور دیگر گاڑیوں میں غیر قانونی طور پر نصب سلنڈرز کے خلاف مشترکہ چیکنگ اور نفاذِ قانون کی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

یہ مہم ڈی آئی جی افضال احمد کوثر کی خصوصی ہدایات پر موٹروے پولیس مری کی زیرِ نگرانی پھلگراں ٹول پلازہ پر جاری ہے، جہاں HDIP کی تکنیکی ٹیم، انجینئر افتخار خان اور ماہرین کے ہمراہ موٹروے پولیس افسران کے ساتھ گاڑیوں کی سخت چیکنگ میں مصروف ہے۔

 

اس موقع پر سیکٹر کمانڈر موٹروے پولیس مری ایس پی عدیل شہزاد کا کہنا تھا کہ”گاڑیوں میں غیر قانونی گیس سلنڈرز کی تنصیب نہایت خطرناک اور انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ اس طرح کے اقدامات کا مقصد قیمتی جانوں کا تحفظ اور سڑکوں کو محفوظ بنانا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ صرف منظور شدہ اور محفوظ ایندھن نظام کا استعمال کریں۔”

موٹروے پولیس اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ سڑکوں پر انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے اس نوعیت کی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رکھی جائیں گی۔