فائل فوٹو
فائل فوٹو

کراچی: میاں بیوی بچے سمیت مبینہ طور پر ’غیرت‘ کے نام پر قتل

کراچی:  گھگھر پھاٹک کے قریب میاں بیوی کو بچے سمیت مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کردیا گیا ہے۔جوڑے کا تعلق بلوچستان سے بتایا جا رہا ہے۔ پولیس کے مطابق اس جوڑے نے آٹھ برس قبل پسند کی شادی کی تھی۔

تفصیلات کے مطابق گھگھر پھاٹک کے قریب سے ایک مرد، عورت اور بچے کی تشددزدہ لاشیں ملی ہیں جنہیں کلہاڑی کے وار سے قتل کیا گیا۔

گھگھر پھاٹک سے تین لاشیں ملی ہیں، اطلاع ملنے پر پولیس کرائم سین یونٹ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ لاشیں ایک مرد، عورت اور کمسن بچے کی ہیں، جائے وقوع سے دو کلہاڑی، ایک بیلچہ اور مردانہ چپل اور ایک جوتا ملا ہے، ممکنہ طور پر کلہاڑی کے وار سے انہیں قتل کیا گیا ہے،

پولیس نے بتایا کہ مقتولین کی شناخت عبدالمجید ودھیو، ان کی اہلیہ سکینہ ودھیو اوران کے بچے کی عبدالنبی کے ناموں سے ہوئی ہے۔

اسٹیل ٹاون تھانے کے ایس ایچ او محمد اسلم کے مطابق اس جوڑے نے آٹھ سال قبل بلوچستان میں پسند کی شادی کی تھی، مقامی وڈیرے نے معاملے کا جرگہ بھی کیا تھا۔ جرگے میں لڑکے کو قصوروار قرار دیتے ہوئے فیصلہ سنایا گیا تھا کہ لڑکی کی دو بہنیں لڑکی کے خاندان کو بطور جرمانہ دی جائیں گی۔

ایس ایچ او کے مطابق عبدالمجید ودھیو اور ان کی بیوی سکینہ ودھیو اپنے سات برس کے بچے کے ہمراہ چند ماہ قبل کراچی آئے تھے اور گھگھر میں کرائے کے مکان میں رہائش اختیار کی تھی جبکہ مقتول اپنا گھر چلانے کے کے لیے فیکٹری میں کام بھی کر رہا تھا۔