اسلام آباد: ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کی ایف نائن پارک میں جلسے کی درخواست مسترد کردی ہے۔
پی ٹی آئی کے ریجنل صدر اسلام آباد عامر مسعود مغل کی جانب سے 5 اگست کو جلسے کے لیے تحریری درخواست دی گئی،جس پر ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر جلسے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی احتجاج کے دوران مختلف شاہراہوں پر ڈھائی ہزار پولیس اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔احتجاج کی صورت میں ریڈ زون اور ملحقہ علاقوں کو سیل کیا جائے گا، دفعہ 144 کے نفاذ کے باعث احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
دوسری جانب راولپنڈی انتظامیہ نے 4 اگست سے 10 اگست تک شہر بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کے تحت موٹرسائیکل پر ڈبل سواری سمیت ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، ریلیوں اور جلوسوں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ یہ اقدامات امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کے لیے کیے گئے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos