مرکزی مسلم لیگ اسلام آباد کے تحت ہفتہ آزادی مہم کا باقاعدہ آغاز

اسلام آباد(پریس رلیز)مرکزی مسلم لیگ اسلام آباد کے تحت ہفتہ آزادی مہم کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ جمعہ کے روز پہلا آزادی کارواں پارٹی کے صدر انعام الرحمن کمبوہ کی قیادت میں ترنول، جیوڑی راجگان،جی 13، بنی اسٹاپ ، گولڑہ،ای 11،ایف 11،چونترہ ، سے ہوتے ہوئے ایف 10 مرکز تک نکالا گیا۔ اس دوران شرکاء نے قومی پرچم اٹھا کر پاکستان سے محبت کا اظہار کیا اور آزادی کے ترانے گائے۔مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان کے مطابق ہفتہ آزادی کے سلسلے میں 12 اگست تک شہر بھر میں آزادی کاروان نکالے جائیں گے جبکہ مختلف شعبہ جات میں الگ الگ پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے۔ہفتہ آزادی کا مرکزی ایونٹ 13 اگست کی رات 8 بجے سے 12 بجے تک اسلام آباد کے بلیو ایریا (نزد سیور فوڈ) میں ہوگا، جس میں مختلف سرگرمیاں شامل ہیں، جن میں ایک کلومیٹر طویل پرچم کشائی، پرچم اور بیجز کی تقسیم، آزادی مرچنڈائزنگ اسٹالز، فیس پینٹنگ، ڈاکومنٹری اسکریننگ، ملی نغموں کا مقابلہ، کوئز کمپیٹیشن، شہر کی اہم شخصیات کی خصوصی شرکت متوقع ہے۔ترجمان کے مطابق 14 اگست کو پورے شہر میں ایک مشترکہ ریلی نکالی جائے گی جس میں شہریوں کی بھرپور شرکت متوقع ہے۔ مرکزی مسلم لیگ اسلام آباد کا کہنا ہے کہ یہ تقریبات نہ صرف یوم آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کریں گی بلکہ قوم میں اتحاد اور حب الوطنی کے جذبے کو بھی فروغ دیں گی۔