پیراپلیجک سنٹر پشاور کے بورڈ آف گورنرز کے پہلے اجلاس کا انعقاد

پشاور،پیراپلیجک سینٹر پشاور کے نو تشکیل شدہ بورڈ آف گورنرز کا پہلا اجلاس چیئرمین ڈاکٹر شہزاد بنگش (سابق چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا) کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں بورڈ کے نو منتخب ارکان حفظ الرحمن (سابق سیکرٹری محکمہ بلدیات و دیہی ترقی) انجینیئر عادل نواز (چیئرمین واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز کمپنی مردان)، پروفیسر ڈاکٹر عظمت اللہ خٹک (نیورو سرجن برین و سپائن اباسین ہسپتال پشاور)، پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال (ٹراما و ارتھوپیڈکس سرجن)، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد (ارتھوپیڈکس پشاور میڈیکل کالج) اور چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر سید محمد الیاس نے شرکت کی۔ اس اہم اجلاس کی ایک نمایاں خصوصیت سابق چیئرمین ضیاء الرحمن اور سبکدوش بورڈ اراکینِ ڈاکٹر روبینہ گیلانی، خواجہ یاور نصیر اور ڈاکٹر عرفان اللہ کے علاؤہ صوبائی سیکرٹری محکمہ خزانہ عامر سلطان ترین، سیکرٹری محکمہ صحت شاہد اللہ خان، محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے چیف آف ہیلتھ محمد یوسف خان اور ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سید علی بخش کی خصوصی شرکت تھی۔

اجلاس میں سبکدوش چیئرمین اور اراکین کو سنٹر کیلئے مخلصانہ خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور انہیں یادگاری سووینئرز دیئے گئے۔ بورڈ چیئرمین ڈاکٹر شہزاد بنگش اور چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر الیاس سید نے سابق چیئرمین و ارکان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بورڈ کی طرف سے انکی بھرپور عزت افزائی کی روایت نہ صرف ادارہ جاتی اقدار کو فروغ دیتی ہے بلکہ نئی قیادت کو عزم نو کے ساتھ خدمت کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پیراپلیجک سنٹر پشاور کو عالمی معیار کا بحالی مرکز بنانے کا مشن مزید تیزی سے آگے بڑھے گا۔

اجلاس میں سنٹر کے مالی و انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ فنانس، ایچ آر اور آڈٹ کمیٹیوں کی تشکیل نو کی منظوری دی گئی تاکہ ادارے کی کارکردگی کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔

چیئرمین ڈاکٹر شہزاد بنگش نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سنٹر کے فنڈز میں اضافے کے حالیہ اعلان سے نہ صرف موجودہ مالی مشکلات پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ ادارہ ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہوگا۔ انہوں نے پیراپلیجک سنٹر کو ملک کا ایک منفرد ادارہ قرار دیتے ہوئے یقین دلایا کہ ادارے کی ترقی کیلئے ہر ممکن کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔