فوٹو بشکریہ مقامی میڈیا
فوٹو بشکریہ مقامی میڈیا

اسلام آباد میں معرکہ حق اور جشن آزادی کی تقریب ، سول و عسکری قیادت شریک

اسلام آباد: پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی اور معرکہ حق میں کامیابی کی مناسبت سے اسلام آباد جناح گراؤنڈ میں شاندار اور پروقار تقریب جاری ہے، جس میں صدر، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سمیت اعلیٰ سول و عسکری قیادت شریک ہے۔

جناح اسپورٹس اسٹیڈیم میں منعقدہ تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بطور مہمان خصوصی شریک ہیں۔

معرکہ حق اور جشن آزادی کی تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری، سینئر وزیر مریم اورنگزیب شریک ہیں۔

تقریب میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری بھی موجود ہیں۔

تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، نیول چیف اور ایئر چیف سمیت دوست ملکوں کے سفرا، وفاقی وزرا، ارکان پارلیمنٹ اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی تقریب میں شریک ہیں۔

مرکزی تقریب کا تلاوت قرآن پاک سے آغاز

مرکزی تقریب کا آغاز قرآن مجید فرقان حمید کی تلاوت سے ہوا اور قومی ترانہ پیش کیا گیا، جس کے بعد تینوں مسلح افواج پر مشتمل میوزک بینڈ نے شاندار مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔ پاک آرمی، پاک بحریہ، فضائیہ کے چاق و چوبند دستوں، پنجاب رینجرز اور ایف سی خیبرپختونخوا کے دستے نے بھی مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔

یومِ آزادی اور معرکہ حق کی فتح کی تقریب میں اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) کے کمانڈوز نے بھی مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔ اس کے علاوہ تقریب میں ترکیہ اور آذربائیجان کی مسلح افواج کے دستوں نے بھی مارچ پاسٹ کیا۔

صدر، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سمیت دیگر شرکا کی قومی پرچم کو سلامی

تقریب کے دوران قومی پرچم کی آمد پر حاضرین نے کھڑے ہو کر پُرتپاک استقبال کیا، علم بردار دستے نے مارچ پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا جبکہ صدر مملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت دیگر شرکا نے اپنی سیٹوں پر کھڑے ہوکر قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔

پروقار تقریب میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرتب دکھائے۔ پریڈ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل محمد عمر اعوان نے صدر مملکت آصف زرداری کو پریڈ پیش کی، پریڈ نے مہمان خصوصی کو صدر سلام پیش کیا۔ طیاروں کی گھن گرج سن کر شہری بھی پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتے رہے۔

یومِ آزادی کی خوشی میں ملک بھر میں جشن کا سماں

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پشاور، لاہور سمیت ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں 14 اگست یومِ آزادی کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، اہم سرکاری و نجی عمارات کو قومی پرچم، جھنڈیوں اور رنگ برنگی برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔

شہروں، قصبوں اور دیہات میں جگہ جگہ قومی پرچم، بیجز، جھنڈیاں اور دیگر قومی اشیاء کے سٹال لگ چکے ہیں جہاں سے شہریوں نے خریداری کر لی ہے اور بڑی تعداد میں شہری خریداری میں مصروف ہیں، قومی پرچم کے رنگوں سے مزین کھلونے، شرٹس، بیجز اور سٹیکرز لوگوں کی توجہ کا مرکز ہیں۔

پنجاب بھر میں جشن آزادی کی تقریبات جاری ہیں اور اس مرتبہ پنجاب حکومت اس دن کو منفرد انداز میں منا رہی ہے، معرکہ حق کے شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔

قومی اسمبلی میں قرارداد منظور

دوسری جانب قومی اسمبلی میں یومِ آزادی اور معرکہ حق کے موقع پر متفقہ قرارداد منظور کی گئی، جس میں وطن کی خاطر جانیں نچھاور کرنے والوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ملکی سالمیت اور خود مختاری کے تحفظ کے عزم کو ایک بار پھر دہرایا گیا۔

قرار داد کے متن میں کہا گیا کہ ایوان معرکہ حق میں اپنے ملک کا جرات مندانہ تحفظ کرنے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، معرکہ حق کے دوران عوام کی اپنی افواج کو دی جانے والی پشت پناہی کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، ایوان تمام شہریوں کو پاکستان کی ترقی، خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کی تلقین کرتا ہے۔