فائل فوٹو
فائل فوٹو

کراچی میں گرج چمک کے ساتھ ایک بار پھر تیز بارش ،اموات 15ہوگئیں

کراچی: شہر قائد میں گرج چمک کے ساتھ ایک بار پھر تیز بارش کا سلسلہ ہو گیا، جس کے سبب اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے جبکہ شہر میں بارش کے دوران مختلف حادثات اور واقعات میں اموات 15 ہوگئیں، مرنے والوں میں 2 سگے بھائی بھی شامل ہیں۔

بدھ کو کراچی کے مختلف علاقوں کورنگی، نوری آباد، گلشن حدید اور گلستان جوہر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش جاری ہے جبکہ نارتھ کراچی، گودھرا اور انڈسٹریل ایریا میں ہلکی بوندا باندی جاری ہے۔

ملیر، کھوکھراپار، رزاق آباد، شاہ لطیف ٹاؤن، بھینس کالونی، ایئرپورٹ روڈ، لانڈھی، گلشن اقبال، اسکیم33، ڈیفنس، پی ای سی ایچ ایس، شارع فیصل، کاٹھور، گڈاپ، سرجانی ٹاؤن اور نیوکراچی میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

اس کے علاوہ گرو مندر اور اطراف میں بھی بارش جاری ہے، ناگن چورنگی، بفرزون، نارتھ ناظم آباد، گلبرگ، سائٹ ایریا، منگھو پیر روڈ، میٹروول، گارڈن، پاک کالونی ٹاور، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر اور طارق روڈ میں بھی بارش جاری ہے۔

بارش کے باعث کٹی پہاڑی کے تودے سڑک پر گرگئے، جس کے باعث شہری جانی نقصان سے بال بال بچ گئے تاہم سڑک پر پہاڑی پتھر گرنے سے ٹریفک جام ہوگیا۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج دوسرے روز دن بھر ہونے والی مون سون بارش کے اعداد و شمار جاری کردیے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شاہراہ فیصل میں سب سے زیادہ بارش 19.6 ملی میٹر، اورنگی ٹاؤن میں 15 ملی میٹر جبکہ جناح ٹرمینل پر 11.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اس کے علاوہ کیماڑی میں 9 ملی میٹر، ڈی ایچ اے میں 8 ملی میٹر، میٹ آفس پر 7.6 ملی میٹر، اولڈ ایئر پورٹ ایریا میں 5.8 ملی میٹر، کورنگی میں 6.8 ملی میٹر اور نارتھ کراچی میں سب سے کم 1.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بارش سے اموات 15 ہوگئیں

کراچی میں 2 روز سے جاری بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے ، دیواریں گرنے اور نالوں میں ڈوب کر مرنے والوں کی تعداد 19 ہوگئی ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

گلستان جوہر میں گھر کی دیوار گرنے سے 2 خواتین اور 3 بچوں سمیت 5 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ اورنگی ٹاؤن ڈبہ موڑ پر 8 سالہ بچہ جاں بحق ہوا۔

مختلف مقامات پر گڑھوں اور پانی میں ڈوبنے سے 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔شہر کے مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے سے 9 افراد جان سے گئے، جن میں شاہ فیصل کالونی کے 2 بھائی، ڈیفنس کے 2 افراد اور نارتھ کراچی کا 65 سالہ شہری بھی شامل ہے۔

اس کے علاوہ ملیر سٹی میں پیٹرول پمپ پر آتشزدگی کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے جبکہ پی سی ایچ ایس بلاک 6 سے ایک روز پرانی لاش برآمد کی گئی۔