غزہ پر او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے اسحاق ڈار سعودی عرب پہنچ گئے
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیرِاعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 21ویں اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔ یہ اجلاس رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ حکام کو اکٹھا کرے گا۔
دفتر خارجہ نے بتایا کہ اجلاس میں فلسطین میں اسرائیل کی فوجی کارروائیوں، غزہ پر مکمل کنٹرول کے مجوزہ منصوبوں اور فلسطینی عوام کے حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر غور کیا جائے گا۔
اس سے قبل اسحاق ڈار نے 23 اور 24 اگست کو بنگلہ دیش کا دورہ کیا، جو کسی بھی پاکستانی وزیر خارجہ کا تقریباً 13 برس بعد پہلا سرکاری دورہ تھا۔ اس موقع پر انہوں نے بنگلہ دیش کی اعلیٰ قیادت اور مختلف جماعتوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔
دورے کے دوران متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے جن میں سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزا فری معاہدہ، تجارتی ورکنگ گروپ کے قیام، انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد اور بنگلہ دیش انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل اینڈ اسٹریٹجک اسٹڈیز کے درمیان تعاون، فارن سروس اکیڈمی پاکستان اور بنگلہ دیش فارن سروس اکیڈمی کے درمیان اشتراک، اے پی پی اور بنگلہ دیش سنگباد سنگستھا کے درمیان تعاون اور ثقافتی تبادلہ پروگرام شامل ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos