اپر دیر:خیبر پختونخوا کے علاقے اپر دیر میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر مشترکہ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ 5 پولیس اہلکار زخمی اور2 شہری شہید ہوگئے۔
ڈی پی او کے مطابق پولیس نے اسلام کوٹ کے بالائی علاقوں میں چوکیاں قائم کرلی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق اسلام کوٹ میں ہلاک دہشت گرد 14 اگست کو دیربالا میں پولیس وین پر حملے میں ملوث تھے، پولیس وین پر حملے میں 3 اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ اپر دیر کے علاقوں دوبندو، بریکوٹ، اسلام کوٹ اور اٹنڈرہ میں دہشت گردوں کے خلاف ڈسٹرکٹ پولیس، سی ٹی ڈی، آر آر ایف اور ایلیٹ فورس کے دستوں نے ایک بڑا اور کامیاب آپریشن شروع کر رکھا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اپر دیر سید محمد بلال کی قیادت میں یہ آپریشن بھرپور حکمت عملی کے تحت کیا گیا اور سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا مختلف اطراف سے گھیراؤ کر رکھا ہے تاکہ ان علاقوں کو شدت پسندوں سے مکمل طور پر پاک کیا جا سکے۔
پولیس آپریشن میں حصہ لینے والے انسداد دہشتگردی اسکواڈ کی ٹیمیں جدید ساز و سامان اور ہتھیاروں سے لیس ہیں اور ان کا حوصلہ بلند ہے۔
پولیس کے مطابق علی الصبح شروع ہونے والے اس آپریشن میں دہشت گردوں کے ساتھ اسلام کوٹ کے مقام پر فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، جس کے نتیجے میں 5 دہشت گردوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں اور ان میں سے ایک کی لاش برآمد کر لی گئی ہے اور دیگر کی تلاش جاری ہے۔
پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں دو مقامی شہری شہید اور 7 پولیس کانسٹیبل معمولی زخمی ہوئے ہیں، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos