راولپنڈی: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل میں قید ان کی جماعت کے بانی عمران خان نے ان کا استعفیٰ منظور کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
منگل کو عمران خان سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ ’جہاں تک میرے استعفے کا تعلق ہے عمران خان نے اس کی منظوری نہیں دی۔
گذشتہ روز سلمان اکرم راجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک تفصیلی بیان میں کہا تھا کہ انھوں نے گذشتہ ہفتے علی بخاری ایڈوکیٹ کے ذریعے عمران خان کو درخواست بھیجی تھی کہ مجھے سیکریٹری جنرل کے عہدے سے ہٹا کر قانونی معاملات پر توجہ مرکوز کرنی دی جائے۔ خان صاحب نے میری درخواست منظور نہ کی۔
اپنے تفصیلی بیان میں انھوں نے ماضی میں پارٹی کے اندر اور باہر رقیق حملوں‘ کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ آج ایک ایسا واقعہ ہوا ہے جو اب مجھ سے دو ٹوک فیصلے کا تقاضہ کرتا ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کس واقعے کا ذکر کر رہے ہیں، تاہم انھوں نے کہا تھا کہ وہ عمران خان سے گزارش کر کے عہدے سے الگ ہو جائیں گے۔
تاہم سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا ہے کہ عمران خان نے ایک بار پھر ان کی عہدے سے الگ ہونے کی درخواست مسترد کردی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos