وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ بھارت نے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرتے ہوئے آبی جارحیت کی ہے، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی دیکھنے میں آئی ہے۔
سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت سندھ طاس معاہدے کے تحت بروقت معلومات فراہم کرتا تو نقصان اتنا زیادہ نہ ہوتا۔ ان کے مطابق بھارت بظاہر پانی ذخیرہ کر کے اچانک پاکستان کی طرف چھوڑ رہا ہے تاکہ زیادہ تباہی ہو۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کل نارووال کا دورہ کریں گے تاکہ سیلابی صورتحال کا جائزہ لے سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نارووال بدترین سیلاب سے دوچار ہے، جہاں پانی کا دباؤ انتہائی شدید ہے اور کئی جگہوں پر سڑکوں پر 6 سے 8 فٹ تک پانی کھڑا ہے۔
احسن اقبال کے مطابق ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں اور اربوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال سیاست سے بالاتر ہو کر یکجہتی کے ساتھ کام کرنے کا تقاضا کرتی ہے۔ یہ ایک ایسی آفت ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے سامنے آئی ہے اور اس کا مقابلہ اجتماعی حکمتِ عملی سے ہی ممکن ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos