چناب اور ستلج میں بہاؤ میں کمی،کئی مقامات پر سیلابی صورتحال برقرار

دریائے چناب میں ہیڈ خانکی اور ہیڈ قادرآباد کے مقامات پر پانی کے بہاؤ میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ہیڈ خانکی پر بہاؤ ساڑھے 10 لاکھ کیوسک سے کم ہو کر 8 لاکھ 59 ہزار کیوسک رہ گیا، جبکہ ہیڈ قادرآباد پر بہاؤ 9 لاکھ 96 ہزار 601 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 61 ہزار کیوسک سے زائد ہے اور یہاں غیر معمولی سیلابی کیفیت موجود ہے۔
ہیڈ مرالہ میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 91 ہزار کیوسک ہے۔

اسی طرح دریائے راوی میں بلوکی اور دریائے ستلج میں سلیمانکی کے مقام پر بھی درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے۔

بہاولپور کے مختلف علاقوں میں دریائے ستلج کے سیلابی پانی سے کپاس، دھان اور دیگر فصلوں کی بڑی مقدار زیرِ آب آ گئی ہے۔