( باجوڑ نمائندہ امت) خواجہ سعد رفیق کا باجوڑ کا دورہ، متاثرین آپریشن و سیلاب کیلئے امداد کاا علان سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے باجوڑ کا دورہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ذاتی حیثیت میں آئے ہیں تاکہ آپریشن اور سیلاب متاثرین یہ محسوس نہ کریں کہ وہ تنہا ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھاکہ باجوڑ میں پہلے دہشتگردی کے خلاف آپریشن کی وجہ سے لوگ گھروں سے بے دخل ہوئے اور اب سیلاب نے صورتحال کو مزید خراب کر دیا ہے۔ یہ دوہری آفت ہے جس سے عوام گزر رہے ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے خواجہ فاؤنڈیشن کے ذریعے متاثرین کی مدد کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے اسلام کے نام پر اسلحہ اٹھایا، ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن پہلے بھی ہوچکا، لیکن ایسا ہونا ہی نہیں چاہیے تھا۔ ماضی میں وفاق اور صوبائی حکومت کے درمیان تعاون کا فقدان رہا، اب دونوں حکومتوں کو مل کر دہشتگردی کے خلاف کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے زور دیا کہ سول انتظامیہ کو مضبوط کیا جائے کیونکہ وہ عوامی مسائل سے براہ راست واقف ہوتی ہے۔ مشران کو بھی متحد ہونا چاہیے، جیسا کہ ماضی میں ریاست نے انہیں کردار ادا کرنے کا موقع دیا تھا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حکومتوں کی جانب سے اعلان کردہ مالی پیکجز پر عملدرآمد ضروری ہے۔ مذاکرات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ اصولی طور پر مذاکرات کے حامی ہیں، مگر مسجدوں اور اسکولوں پر حملے کرنے والوں سے بات نہیں کی جا سکتی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos